QR CodeQR Code

بلوچستان اور سندھ کے 300 مدارس نے وفاق المدارس الرضویہ سے الحاق کا اعلان کر دیا

16 Feb 2021 19:02

سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ سے اہلسنّت کا کوئی تعلق نہیں۔ مولانا کا مدارس بورڈ کی منظوری کا فیصلہ مسترد کرنا انکی شکست کا اعتراف ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے مدارس کے طلباء کے ذریعہ سیاست کی۔ مولانا فضل الرحمان مدارس کے طلباء کو ڈھال بناکر اپنے مقاصد حاصل کرتے آئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کی منظوری کے بعد بلوچستان اور سندھ کے تین سو مدارس نے وفاق المدارس سے الحاق کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ بورڈ سے الحاق کا اعلان جامعہ غوثیہ فیض العلوم انوار باہو اوستہ محمد جعفر آباد کے مرکزی ناظم اعلی صاحبزادہ ڈاکٹر عابد سلطان نے کیا۔ صاحبزادہ عابد سلطان نے جعفر آباد بلوچستان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے نظام کی بہتری ملک و قوم کی بہتری ثابت ہوگی۔ وفاق المدارس کی منظوری خوش آئند فیصلہ ہے۔ حکومت نے مدارس کے نظام کو اہمیت دی ہے۔ مدارس کے طلباء کو مین سٹریم میں لانا حکومت کی دانشمندی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ سے اہلسنّت کا کوئی تعلق نہیں۔ مولانا کا مدارس بورڈ کی منظوری کا فیصلہ مسترد کرنا ان کی شکست کا اعتراف ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے مدارس کے طلباء کے ذریعے سیاست کی۔ مولانا فضل الرحمان مدارس کے طلباء کو ڈھال بنا کر اپنے مقاصد حاصل کرتے آئے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کے صدر صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ مدارس کے طلباء کو یونیورسٹی اور کالج کے طلباء کے برابر حقوق مل گئے ہیں۔ وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کی ڈگری عالمی سطح پر تسلیم کی جائے گی۔ ایچ ای سی وفاق المدارس کی ڈگری کی تصدیق کرے گا۔ مدارس میں علم دین کیساتھ جدید علوم بھی پڑھائے جائیں گے۔ طلباء کو کمپیوٹر سکلز اور فری لانسنگ کی تعلیم دی جائے گی۔ مدارس کے طلباء مسجد و مدرسہ کے ساتھ ہر شعبہ میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ دین کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وفاق کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا وزیر القادری نے کہا کہ وفاق المدارس کو قانونی حیثیت حاصل ہے۔ طلباء کو میٹرک تا ایم اے تک ایچ ای سی سے منظور شدہ ڈگریاں دیں گے۔ مدارس کے منتظمین کو سیاسی شعبدہ بازوں سے بلیک میل نہیں ہونے دیں گے۔

چیئرمین امتحانی بورڈ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء عصری تعلیم بھی حاصل کریں گے۔ کمپیوٹر کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔ طلباء کو انگریزی، ریاضی، سائنس سمیت کمپیوٹر کی تعلیم دیکر عصری تقاضوں کے مطابق کیریر فراہم کریں گے۔ اہلسنّت مدارس کے طلباء ذمہ دار اور باشعور شہری بنیں گے۔ اہلسنّت کے مدارس کا دہشتگردی، فرقہ واریت، انتہاء پسندی اور شدت پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔ اہلسنّت کے مدارس سے ہمیشہ امن کا درس دیا گیا ہے۔ اہلسنّت مدارس کے منتظمین صوفیاء کے ماننے والے ہیں۔ صوفیاء کی تعلیمات برصغیر میں اسلام کی تبلیغ کا بنیادی ذریعہ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 916628

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/916628/بلوچستان-اور-سندھ-کے-300-مدارس-نے-وفاق-المدارس-الرضویہ-سے-الحاق-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org