0
Tuesday 16 Feb 2021 19:20

تعلیم حقوق و فرائض کا شعور پیدا کرتی ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

تعلیم حقوق و فرائض کا شعور پیدا کرتی ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جس کے مرد و زن دونوں تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں، تعلیم انسان میں حقوق و فرائض کا شعور پیدا کرتی ہے اور اسے اخلاق کیساتھ ساتھ اچھے بُرے کی تمیز بھی سکھاتی ہے۔ تعلیم ہی کی بدولت اللہ تعالیٰ نے انسان کو افضلیت عطا فرمائی۔ دین اسلام تعلیم و تربیت پر بہت زور دیتا ہے اور دین اسلام کی بنیاد ہی تعلیم و تربیت پر رکھی گئی ہے۔ تمام مسلمانوں کی یہ اہم دینی وشرعی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ دین اسلام نے مرد و خواتین دونوں کی تعلیم پر زور دیا ہے۔ خواتین کی تعلیم کو اہمیت دیتے ہوئے دین اسلام نے ان لوگوں کیلئے کامیابی اور جنت کی خوشخبری سنائی ہے، جو اپنی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیتے ہیں، عورت کی تعلیم دین اسلام کا حکم بھی ہے اور معاشرے کی خدمت بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج گرلز کالج میں ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی و تحقیقی خدمات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں قائد تحریک منہاج القرآن کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری، بسمہٰ حسن  قادری، پرنسپل منہاج گرلز کالج ڈاکٹر ثمر فاطمہ، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، اُم حبیبہ اسماعیل سمیت اساتذہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثمر فاطمہ نے کہا کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ فرح ناز نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری علم، تحقیق اور فروغ امن کیلئے چار دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تقریب میں طالبات نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی خدمات کے حوالے سے تقاریر کیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت، درازی عمر اور ملکی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی۔
خبر کا کوڈ : 916629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش