QR CodeQR Code

مدارس کو سیاست کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، صاحبزادہ حسین رضا

17 Feb 2021 18:34

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس میں وفاق المدارس اسلامیہ رضویہ کے صدر کا دیگر عہدیداروں کے ہمراہ کہنا تھا کہ نئے وفاق المدارس کا قیام بھی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس سے تعلیم و تربیت میں بہتری آئے گی اور دینی تعلیم کے مواقع فراہم ہوں گے۔ اس لیے نئے وفاق المدارس کا قیام حکومت کا مستحسن اقدام ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس اسلامیہ رضویہ پاکستان کے عہدیداروں نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر وفاق المدارس صاحبزادہ حسین رضا نے کہا کہ مدراس کے قیام کا بنیادی مقصد دینی و مذہبی تعلیم ہے۔ مدارس کو سیاست کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ مدارس کے طلباء صرف تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔ اسی عمل سے مذہب کی ترویج و اشاعت ممکن ہے۔ وفاق کے مرکزی رہنما پیر سید محفوظ مشہدی (سابقMPA) نے کہا کہ اتحاد تنظیماتِ مدارس کا اہلسنت مدارس سے کوئی تعلق نہیں، اس وقت اتحاد تنظیمات مدارس جے یو آئی کا سیاسی ونگ بن چکا ہے، اس لیے اہلسنت کا کوئی مدرسہ جے یو آئی کا آلہ کار نہیں بنے گا۔ چیئرمین امتحانی بورڈ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ 1980ء میں جب پانچ وفاق بنائے گئے تھے، اس وقت مدارس کی کل تعداد 2 ہزار تھی، جبکہ آج تعداد 35 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، اس وقت صوبہ پنجاب میں صرف ایک امتحانی بورڈ لاہور بورڈ تھا اور ایک پنجاب یونیورسٹی ہوتی تھی جو پورے پنجاب کے طلباء کا امتحان لیتی تھی جبکہ آج صوبہ پنجاب کی ہر ڈویژن کا علیحدہ بورڈ ہے اور پنجاب بھر میں یونیورسٹیوں کی تعداد 125 کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے وفاق المدارس کا قیام بھی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جس سے تعلیم و تربیت میں بہتری آئے گی اور دینی تعلیم کے مواقع فراہم ہوں گے۔ اس لیے نئے وفاق المدارس کا قیام حکومت کا مستحسن اقدام ہے۔ مرکزی رہنما پیر سید واجد علی شاہ گیلانی نے کہا کہ وفاق المدارس اسلامیہ رضویہ پاکستان کے قیام سے علماء کا 40 سالہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے، جس کیلئے وفاقی وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وفاق المدارس رضویہ سے اہلسنت کو علیحدہ شناخت ملی ہے جو کہ ملک پاکستان کی 80 فیصد آبادی ہیں۔ وفاق المدارس اسلامیہ رضویہ قدیم و جدید علوم کا حسین امتزاج ثابت ہوگا۔ پیر ضیاء المصطفی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ جس طرح ہر ڈویژن میں تعلیمی امتحانی بورڈ قائم کیے ہیں اسی طرح مدارس بورڈ بھی قائم کرے۔ اس سے مذہبی تعلیم و تربیت میں آسانی ہوگی۔ مفتی مشتاق احمد نوری نے کہا کہ اسلامی تہذیب و تمدن کے احیاء اور فروغ کیلئے وفاق المدارس اسلامیہ رضویہ پاکستان سنگِ میل ثابت ہوگا۔ پریس کانفرنس سے ڈاکٹر عمران انور نظامی، مفتی امان اللہ شاکر، علامہ برکات احمد صدیقی، مفتی افضل نعیمی، راؤ حسیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 916820

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/916820/مدارس-کو-سیاست-کیلئے-استعمال-نہیں-ہونے-دیں-گے-صاحبزادہ-حسین-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org