0
Thursday 18 Feb 2021 02:46

سندھ، اہم مقامات و شاہراہوں پر احتجاج، ریلی اور دھرنا قابل سزا جرم قرار

سندھ، اہم مقامات و شاہراہوں پر احتجاج، ریلی اور دھرنا قابل سزا جرم قرار
اسلام ٹائمز۔ حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں 20 سے زائد مقامات و شاہراہوں پر کسی بھی طرح کا احتجاج، ریلی اور دھرنا قابل سزا جرم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر اہم شاہراہوں، ہائے ویز، ناردرن بائی پاس، ائیرپورٹ، بندرگاہ جانے والے روڈز، سندھ کے تمام شہروں میں انٹرسٹی بس اسٹینڈز اور شہروں کو ملانے یا اندرون شہر کی شاہراہوں، ریلوے اسٹیشنز اور ریلوے ٹریکس پر احتجاج پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکم نامے کے مطابق پابندی کا اطلاق آئندہ ساٹھ روز کیلئے ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماڑی پور روڈ، کورنگی انڈسٹریل ایریا روڈ، پی اے ایف روڈ، شاہراہ پاکستان پر بھی احتجاج ممنوع قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ لیاری ایکسپریس وے، سپر ہائے وے کراچی حیدرآباد، کراچی کی تمام داخلی شاہراہوں پر بھی احتجاج ممنوع ہوگا، ریلوے اسٹیشنز، ریلوے لائنز پر دھرنے پر پابندی ہوگی، جبکہ سندھ بلوچستان، سندھ، پنجاب کو ملانے والی آرسی ڈی شاہراہ پر بھی دھرنا اور احتجاج پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر دھرنا دینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی، پاکستان رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا تھا کہ صوبے کی اہم شاہراہوں، صنعتی و کمرشل علاقوں کی سڑکوں کی احتجاج کیلئے بندش کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق اہم شاہراہوں پر احتجاج پر پابندی کا مقصد آئے روز سڑکوں پر احتجاج کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام، ایمبولینسوں سمیت ہزاروں گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنس جانے، شہریوں کو پہنچنے والی اذیت اور بدترین ٹریفک جام کے باعث شہریوں اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے درپیش مشکلات اور تکالیف کا ازالہ کرنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 916882
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش