0
Thursday 18 Feb 2021 19:52

محمد علی سدپارہ کے بیٹے نے والد کی موت کی تصدیق کر دی

محمد علی سدپارہ کے بیٹے نے والد کی موت کی تصدیق کر دی
اسلام ٹائمز۔ معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کر دی۔ اسکردو میں صوبائی وزیر سیاحت راجا ناصر علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک کے مشہور اور عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علی سدپارہ اپنے دو غیر ملکی ساتھیوں کے ہمراہ ’’کے ٹو‘‘ کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے، مجھے اور کئی انٹرنیشنل کوہ پیماوں کو یقین ہے کہ انھیں کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر حادثہ پیش آیا اور جس بلندی پر حادثہ ہوا تھا، وہاں چند گھنٹوں سے زیادہ زندہ رہنا ممکن نہیں تھا۔ ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ میرا خاندان انتہائی شفیق باپ سے، پاکستانی قوم سبز ہلالی پرچم سے جنون کی حد تک محبت کرنے والے محب وطن قومی ہیرو سے اور دنیا ایک بہادر اور باصلاحیت مہم جو سے محروم ہوئی ہے۔

دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم سب ایک دوسرے کے لیے سہارا بنیں گے اور میں اپنے والد کے مشن کو جاری رکھوں گا اور ان کے ادھورے خواب پورے کروں گا۔ علی سدپارہ کے بیٹے نے کہا کہ پاکستانی قوم کی محبت میرے خاندان کے لیے انتہائی حوصلے اور ہمت کا باعث بنی، وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، عسکری ایوی ایشن اسکردو کے بہادر پائلٹس، وزیر اعلیٰ خالد خورشید اور فورس کمانڈر میجر جنرل جواد قاضی، سابق فورس کمانڈر جنرل احسان محمود کا مشکور ہوں، کیونکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کئے گئے اور اس طویل ریسکیو آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، ورچوئل اینڈ فزیکل بیس کیمپ ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ساجد سدپارہ نے بتایا کہ علی سدپارہ نے انتھک محنت، بہادری اور ہنرمندی سے 8 ہزار سے بلند 8 چوٹیاں سر کیں، نانگا پربت کو پہلی بار سردیوں میں سر کرکے ورلڈ ریکارڈ بنایا، جبکہ اسی چوٹی کو چاروں موسموں میں سر کرنے کا بھی ریکارڈ میرے والد کے پاس ہے، دنیا بھر کے کوہ پیماوں نے شاندار الفاظ میں انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے، علی سدپارہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کا ایک کلائمنگ اسکول تعمیر کرنا چاہتے تھے، وزیراعظم اور چیف آرمی اسٹاف علی سدپارہ کی اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے میری مدد کریں۔ صوبائی وزیر راجا ناصر کا کہنا تھا کہ کے ٹو پر موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت، پاک فوج اور لواحقین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ لاپتہ کوہ پیما اب اس دنیا میں نہیں رہے، محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ سول اعزازت سے نوازے جائیں گے، وفاقی حکومت کو سکردو ائیر پورٹ کو محمد علی سدپارہ سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 917018
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش