0
Friday 19 Feb 2021 00:08

امام حضرت علی نقیؑ کے یوم ولادت کے موقع علامہ ساجد نقوی کا پیغام

امام حضرت علی نقیؑ کے یوم ولادت کے موقع علامہ ساجد نقوی کا پیغام
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے 5 رجب المرجب کو دسویں امام حضرت علی نقیؑ کے یوم ولادت کے موقع پر کہا ہے کہ حضرت علی نقی الہادیؑ نے انتہائی مشکل اور نامساعد حالات میں دین اسلام کی حفاظت اور ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ جہاں انفرادی اور ذاتی زندگی میں انسانوں کی رہنمائی فرمائی، وہاں اجتماعی طرز زندگی اور نظام حکومت جیسے معاملات میں بھی لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ چنانچہ مختلف موضوعات پر آپؑ سے منقول فرامین آپؑ کی سیرت و کردار کی عکاسی کرتے ہوئے آج بھی دنیا کے ہر انسان اور ہر معاشرے کے لئے مشعل راہ اور نمونہ عمل ہیں، چنانچہ فرماتے ہیں ”لوگوں کی حیثیت دنیا میں مال سے اور آخرت میں اعمال سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی نقیؑ نے منصب امامت پر فائز ہوکر قرآن کریم، سنت و سیرت رسول اکرم اور امیر المومنین حضرت علیؑ سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم، مرتبے، منزلت، روحانیت اور عمل کے ذریعے اپنے وقت کے عام انسان، عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی، جس کے اثرات امام ہادیؑ کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد راہ حق اور سچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔ انہوں نے دین حق کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح و نجات کے لئے قید و بند کی سختیاں برداشت کیں، لیکن اپنے پاکیزہ ہدف و مشن سے پیچھے نہ ہٹے۔

علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عالم انسانیت اور عالم اسلام کی ہدایت و رہنمائی اور احترام آدمیت کی بنیاد پر ایک انسانی معاشرہ کے قیام کی خاطر ہمیں چاہیئے کہ حضرت امام علی نقیؑ کی سیرت کا مطالعہ کرکے دکھی انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کرکے عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 917051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش