QR CodeQR Code

لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، مشتاق خان

19 Feb 2021 00:42

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، مدینہ کی ریاست میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ ہوتا تھا، شہریوں کو اغواء نہیں کیا جاتا تھا، پاکستانی شہریوں کو زبردستی اغواء کرنا ملک میں جنگل کا قانون رائج کرنے کے مترادف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے، شہریوں کو طویل عرصے سے لاپتہ کر نے سے ملک انتشار کا شکار ہوجائے گا، اگر کسی فرد کا کوئی جرم ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے، جہاں قانون کے مطابق سزا دی جائے، پاکستانی شہریوں کو لاپتہ کرنا ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال ہے، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان ماؤں، بہنوں کی فر یاد بھی سنیں اور انھیں بھی انصاف فرا ہم کریں، اگر ملک میں مظلوم کے لیے انصاف نہیں ہے تو پھر عدالتوں کو تالا لگا دیا جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی چوک اسلام آباد میں بلوچستان کے لاپتہ افراد کے احتجاجی دھرنے میں شرکاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر محمد اکرم دشتی، جماعت اسلامی پاکستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکمرانوں کو مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، مدینہ کی ریاست میں لوگوں کے حقوق کا تحفظ ہوتا تھا، شہریوں کو اغواء نہیں کیا جاتا تھا، پاکستانی شہریوں کو زبردستی اغواء کرنا ملک میں جنگل کا قانون رائج کرنے کے مترادف ہے، لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے آئین و قانونی دائرے میں رہتے ہوئے تمام اداروں کے دروازے کھٹکھٹائے مگر انھیں کہیں سے انصاف نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شہریوں کو یوں لاپتہ ہونے میں پارلیمنٹ، ریاستی ادارے، سیاستدان اور عدالتیں سب برابر کی ذمہ دار ہیں، یوں لگتا ہے ملک میں مراعات یافتہ طبقے اور غریب کے لیے انصاف کا الگ الگ معیار ہے اور یہ سب کچھ حکومتی سرپرستی میں ہو رہا ہے، مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہے، ہم پارلیمنٹ سمیت تمام فورمز پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے آواز اُٹھائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 917056

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917056/لاپتہ-افراد-کا-مسئلہ-سنگین-صورتحال-اختیار-کر-چکا-ہے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org