QR CodeQR Code

حزب اللہ کیساتھ پیش آنیوالی آئندہ جنگ میں اسرائیل کو بھاری نقصان اٹھانا پڑیگا، صیہونی وزیر جنگ

18 Feb 2021 18:27

صیہونی میڈیا کیمطابق اسرائیلی وزیر جنگ نے "مارے جانیوالے اسرائیلی فوجیوں" کی یاد میں منعقد ہونیوالی ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہمیں جنگ کے ہر محاذ پر انتہائی بھاری قیمت چکانا پڑیگی۔


اسلام ٹائمز۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے حالیہ خطاب میں دی گئی تنبیہ نے تل ابیب حکام کو اس قدر پریشان کر کے رکھ دیا ہے کہ اب وہ نہ صرف پورے لبنان بلکہ اس کی عوام کو بھی ڈرانے دھمکانے پر اتر آئے ہیں۔ غاصب صیہونی رژیم سے متعلق میڈیا نے آج جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ "مارے جانے والے اسرائیلی فوجیوں" کی یاد میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کے دوران صیہونی وزیر جنگ بینی گینٹز نے لبنانی حکومت و عوام کو دھمکایا ہے۔ بینی گینٹز جو حزب اللہ لبنان کی میزائل پاور سے بڑی اچھی طرح آگاہ ہے، نے کہا ہے کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہمیں جنگ کے ہر محاذ پر انتہائی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

اسرائیلی اخبار یدیعوت آحارانوت (Yedioth Ahronoth) کے مطابق اسرائیلی وزیر جنگ نے اپنی گیدڑ بھبکیاں بگھارتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن (لبنانی عوام و مزاحمتی محاذ) کو بھی سخت نقصان اٹھانا پڑے گا کیونکہ پورا لبنان لرز اٹھے گا اور حزب اللہ کو سخت ضرب کھانا پڑے گی۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے میدانی فورسز کے کمانڈر عماد مغنیہ کے یوم شہادت کے حوالے سے اپنے خطاب میں اسرائیل کو خبردار کیا تھا کہ وہ آگ سے نہ کھیلے کیونکہ ہم طاقت کے پرانے توازن کو بحال کر دیں گے اور پھر اسرائیل کا اندرونی محاذ ایسے حقائق سے روبرو ہو گا جس سے اس کا واسطہ پہلے کبھی نہیں پڑا۔


خبر کا کوڈ: 917069

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917069/حزب-اللہ-کیساتھ-پیش-آنیوالی-آئندہ-جنگ-میں-اسرائیل-کو-بھاری-نقصان-اٹھانا-پڑیگا-صیہونی-وزیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org