0
Friday 19 Feb 2021 06:54

منظم نسلی امتیاز، اسلاموفوبیا اور بے دخلی بہت سی ریاستوں کی بقا کے لیے زہر قاتل ہے، شاہ محمود قریشی

منظم نسلی امتیاز، اسلاموفوبیا اور بے دخلی بہت سی ریاستوں کی بقا کے لیے زہر قاتل ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مساوات کے ایجنڈے پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا اور دیگر متشدد قوم پرست گروہوں کے بڑھتے ہوئے رحجانات کے تدارک کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کی معاشی وسماجی کونسل (ایکوساک) کے دیرپا ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے دنیا میں مساوات قائم کر کے نسل پرستی، غیر ملکیوں سے نفرت و بیزاری اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے موضوع پر منعقدہ خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ نسل پرستانہ سوچ کے خلاف ہمیں مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں ںے زور دے کر کہا کہ سماجی تفریق کے خاتمے  کے لیے کاوش وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلاموفوبیا اور دیگر متشدد قوم پرست گروہوں کے بڑھتے ہوئے رحجانات کے تدارک کے لیے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندی، منظم نسلی امتیاز اور بے دخلی کا عمل، بہت سی ریاستوں کی سیاسی، قانونی اور اخلاقی اساس کی بقا کے لیے زہر قاتل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نسلی و دیگر تعصبات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کاوش بروئے کار لانا ہوں گی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیگر پہلوؤں کے ساتھ نو آبادیاتی نظام نے معاشروں کے اندر تقسیم پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ منظم خطوط پر عصر حاضر میں روا عدم مساوات کے رویوں میں کمی اور نسل پرستی کا خاتمہ دیرپا ترقی کے ایجنڈے 2030 کا بنیادی مقصد ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایس جی ڈیز کی سوچ اور جذبہ یہ ہے کہ ترقی کے عمل میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے اور یہ سوچ واضح طور پر نسل پرستی سمیت ہر طرح کے غیر مساویانہ رویوں کی نفی کرتی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نسلی منافرت کا اظہار، مذہبی احساس برتری اور پر تشدد قوم پرستی گمنامی سے نکل کر مرکزی سیاسی دھارے میں سرایت کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متشدد قوم پرست گروہوں کے سر اٹھانے سے سیاست دانوں کے نسل پرستانہ رویوں، اسلاموفوبیا کی نفوذ پذیری سے نسلی بنیادوں پر مسلمانوں کی شناخت کرانے، افریقی نژاد افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا طاقت کا بہیمانہ استعمال دنیا میں لاکھوں انسانوں کے عزت و وقار کو بری طرح روند کر خطرناک ترین درجے تک پہنچ چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 917078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش