QR CodeQR Code

مذہبی رہنماء میدان میں آگئے

28 مارچ کو پوری دنیا سے ہندووں کو اکٹھا کرکے ملتان میں ہولی منانے کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے

ملتان کے غیور مسلم عوام کسی صورت یہاں بت خانہ تعمیر نہیں ہونے دینگے

19 Feb 2021 14:01

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملتان میں جہاں چند ہندو گھرانے آباد ہیں، وہاں مندر موجود و فنکشنل ہیں، ہم سمجھتے ہیں یہاں مندر کی تعمیر اسلام دشمن، ملک دشمن اور امن دشمن سازشیوں کی سازش اور مسلمان آبادیوں میں امن و سکون سے زندگی بسر کرنیوالی ہندو اقلیت کے امن و سکون کو برباد کرنیکی سازش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفط ناموس رسالت رہنمائوں قاری محمد حنیف جالندھری، علامہ محمد فاروق خان سعیدی، میاں آصف اخوانی، محمد ایوب مغل، علامہ خالد محمود ندیم، سید کفیل بخاری، صاحبزادہ محمد سعید کاظمی، مفتی ایازالحق قاسمی، مفتی عثمان پسروری، علامہ عبدالحق مجاھد، قاری محمد رمضان چشتی، رکن الدین حامدی، مرزا ارشد قادری، محمد یونس غازی ایڈووکیٹ، حافظ اللہ دتہ کاشف، محمد عظیم الحق، چوھدری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ سپریم کورٹ کی آڑ میں ہنود و یہود کی خوشنودی کیلئے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر حضرت بہاوالدین زکریا رحمت اللہ علیہ کے دربار سے متصل مسجد کیساتھ مندر تعمیر کرنا چاہتی ہے۔ اس مسئلہ پر ملتان کے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ ایک ایسے مندر کی تعمیر جس کے مجاور قیام پاکستان کے ساتھ ہی اپنی معبود مورتی نکال کر ہندوستان لیجا چکے ہیں۔ اس جگہ پر قیام پاکستان سے آج تک ہندوں کی کبھی کوئی مذہبی تقریب نہیں ہوئی، نہ ہی قرب و جوار میں کوئی ہندو آبادی ہے۔ ملتان میں جہاں چند ہندو گھرانے آباد ہیں، وہاں مندر موجود و فنکشنل ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہاں مندر کی تعمیر اسلام دشمن، ملک دشمن اور امن دشمن سازشیوں کی سازش اور مسلمان آبادیوں میں امن و سکون سے زندگی بسر کرنیوالی ہندو اقلیت کے امن و سکون کو برباد کرنیکی سازش ہے۔

رہنمائوں نے کہا کہ مسلم عوام کسی صورت بت خانوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دینگے، بت شکنی سنت ابراہیمی ہے، حضرت محمد (ص) نے فتح مکہ کے موقع پر مسجد الحرام اور خانہ کعبہ میں موجود بتوں کو خود اپنی نگرانی میں نکال باہر پھینکا، ملتان کے غیور مسلم عوام کسی صورت یہاں بت خانہ تعمیر نہیں ہونے دیں گے۔ عوام میں مندر کی تعمیر کے اعلان پر شدید اشتعال پایا جاتا ہے، حالات کی خرابی کی تمام تر ذمہ داری ملتان انتظامیہ اور حکمرانوں پر ہوگی، ہم مدنی ریاست کے قیام کے جھوٹے دعویدار حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بت خانوں کی تعمیر کی بجائے نریندر مودی سے بابری مسجد کی از سرنو تعمیر کا مطالبہ کریں۔ اسی طرح ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بت خانوں کی تعمیر پر اربوں روپے لٹانے کی بجائے مساجد کو مفت بجلی اور مہنگائی کے مارے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں، آخر میں ہم ایک بار پھر حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے نہ کھیلیں۔ ہم یہ بھی اعلان کرتے ہیں کہ 28 مارچ کو پوری دنیا سے ہندووں کو اکٹھا کرکے ملتان میں ہولی منانے کی کسی صورت اجازت نہ دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 917145

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917145/28-مارچ-کو-پوری-دنیا-سے-ہندووں-اکٹھا-کرکے-ملتان-میں-ہولی-منانے-کی-کسی-صورت-اجازت-نہیں-دینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org