0
Friday 19 Feb 2021 14:58
پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اپنے اپنے مفادات کی اسیر ہیں

گمشدہ افراد کی مائیں بہنیں پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھی ہیں، کوئی داد رسی کرنیوالا نہیں، سراج الحق 

حکومت اور اپوزیشن اتحاد کو نہ عوام کی فکر ہے اور نہ اپنے ورکرز کی
گمشدہ افراد کی مائیں بہنیں پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھی ہیں، کوئی داد رسی کرنیوالا نہیں، سراج الحق 
 اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور نظام دونوں ناکام ہوگئے، ڈلیور نہیں کرسکے۔ ملک میں گڈگورننس کا نام و نشان تک نہیں۔ حکومت مافیاز کے ہاتھوں مکمل یرغمال بنی ہوئی ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم اپنے اپنے مفادات کی اسیر ہیں، دونوں کی لڑائی عوام کے لیے نہیں، ارب پتیوں کو سینیٹ ٹکٹ تقسیم کر دیئے گئے، ورکرز کا کوئی پرسان حال نہیں، الیکشن کمیشن وزیراعظم کے سینیٹ الیکشن کی نگرانی سے متعلق دیئے گئے بیان کا نوٹس لے اور ان سے وضاحت طلب کرے۔ گمشدہ افراد کی مائیں بہنیں پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھی ہیں، ان کی آہوں کو نہ سنا گیا اور ظلم بند نہ ہوا تو عوام حکمرانوں کا گریبان پکڑیں گے۔ ملک میں حقیقی احتساب ہوا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا، اب روزانہ آتا ہے، سٹیٹس کو، جاگیرداری اور سودی نظام ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے، وہ پچھتا رہے ہیں۔

قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ سرمایہ داروں کے چنگل سے نکلنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ 26 فروری کو بہاولپور میں عظیم الشان جلسہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ دوسرے علاقوں میں بھی لوگ لاوارث ہیں، تین بڑی سیاسی پارٹیاں ملک کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ ان لوگوں کی لڑائی دودھ کی بوتل کے لیے ہے، حکمرانوں نے غریب کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھا اور لوگوں کے چہروں سے خوشیاں چھین لی ہیں، امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں ایسا وقت آگیا ہے کہ ہر چیز کی قیمتوں کا تعین آئی ایم ایف کرتا ہے، پٹرول، آٹا، گھی، کوکنگ آئل، چینی، چائے، دوائیوں کی قیمتوں میں گذشتہ اڑھائی سال میں اڑھائی سو گنا تک اضافہ ہوا۔ لوگ اپنے گردے بیچنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان کی کرنسی کی ویلیو افغانستان اور بھوٹان سے بھی کم ہوگئی مگر وزیراعظم نے موٹی عینک لگائی ہوئی ہے اور مہنگائی میں کمی کی عجیب عجیب منطقیں دیتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن اتحاد کو نہ عوام کی فکر ہے اور نہ اپنے ورکرز کی۔ تینوں بڑی پارٹیوں میں سینیٹ الیکشن میں ارب پتی لوگوں کو نوازا گیا، جبکہ زندہ اور مردہ باد کے نعرے لگانے والے کارکن کو نظرانداز کیا گیا۔ ماضی کی طرح اس بار بھی سینیٹ الیکشن میں پرانے آزمودہ نسخے اپنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ بیان کہ وہ خود سینیٹ الیکشن کی نگرانی کریں گے، اس سے الیکشن کمیشن کا استحقاق مجروح ہوا، جس پر ان سے جواب طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن نے کبھی اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں پانامہ لیکس میں ملوث سرمایہ داروں کا احتساب کرنے میں ناکام ہوگئیں۔ ملک میں یکطرفہ احتساب کا عمل جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 917148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش