QR CodeQR Code

حضرت موسیٰ ؑ کے واقعات میں بہت زیادہ عبرتیں اور سبق ہیں، علامہ ریاض نجفی

19 Feb 2021 18:53

لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں وفاق المدارس الشیعہ کے صدر کا کہنا تھا کہ قرآن مجید میں حضرت موسیٰ ؑ کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا کثرت سے ذکر درحقیقت قوت و طاقت کی علامت ہے۔ جو شخص خدا کی طرف متوجہ رہتا ہے وہ گناہ، معصیت اور غلطیاں نہیں کرتا کیونکہ اسے علم ہے کہ اللہ ہر وقت دیکھ رہا ہے۔ حضرت موسیٰ ؑ نے خداوندقدوس سے عرض کی کہ ہم تو تیرے سامنے ہیں اور ہماری ہر بات ہر حالت تیرے سامنے ہے۔ ان دعاوں کے جواب میں اللہ نے فرمایا یقیناً آپ نے جو کچھ مانگا یعنی آپ کی خواہشیں، دعائیں قبول کر لی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے جامعتہ المنتظر کی علی مسجد میں خطبہ جمعہ میں قرآن مجید میں حضرت موسیٰ ؑ کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا کثرت سے ذکر درحقیقت قوت و طاقت کی علامت ہے۔ جو شخص خدا کی طرف متوجہ رہتا ہے وہ گناہ، معصیت اور غلطیاں نہیں کرتا کیونکہ اسے علم ہے کہ اللہ ہر وقت دیکھ رہا ہے۔ حضرت موسیٰ ؑ نے خداوندقدوس سے عرض کی کہ ہم تو تیرے سامنے ہیں اور ہماری ہر بات ہر حالت تیرے سامنے ہے۔ ان دعاوں کے جواب میں اللہ نے فرمایا یقیناً آپ نے جو کچھ مانگا یعنی آپ کی خواہشیں، دعائیں قبول کر لی گئیں۔ اللہ کی طرف سے انہیں مزید آگاہ کیا گیا کہ آپ پر تو اس سے پہلے بھی پیدائش کے وقت سے کافی احسانات کیے گئے ہیں۔ آپ کی پیدائش کے وقت آپ کی والدہ کو الہام کیا کہ کس طرح آپ کو تابوت میں بند کر کے دریا بُرد کرے۔ اس سے قبل سخت چیکنگ کے باوجود کسی بھی دایہ پر آپ کی والدہ کا حمل ظاہر نہ ہونا بھی اللہ کی قدرت سے تھا۔ تابوت(بکس) کو پانی میں ڈالنا بھی بہت بڑا خطرہ تھا کہ پانی میں تو اکثر چیزیں ڈوب جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تابوت فقط میت کو بند کرنے کیلئے استعمال نہیں ہوتا بلکہ تاریخ ِ انبیاءؑ میں اس کے کئی استعمال ذکر کیے گئے ہیں۔ حضرت موسیٰ ؑ کی پیدائش کے بعد دایہ کے دل میں ان کی محبت، تابوت کھولنے پر آسیہ کے دل میں ان کی محبت اور پھر فرعون کے دل میں بھی ان کی محبت پیدا ہونا اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم و انتظام تھا۔ علامہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ جب اللہ کوئی کام انجام دینا چاہے تو کسی کا منصوبہ، حیلہ و مکر کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ تابوت کیساتھ ساتھ حضرت موسیٰ ؑ کی بہن کچھ فاصلہ پر چلتی رہی، فرعون کے محل کے قریب پہنچی اور جب حضرت موسیٰ نے کسی بھی عورت کا دودھ قبول نہ پیا تو انہیں مشورہ دیا کہ وہ کسی عورت کو بلاتی ہے۔ اس طرح اپنی والدہ کو لے گئی جن کا دودھ حضرت موسیٰ ؑ نے قبول کیا۔ دودھ پلانے کے بہانے اکثر وہ انہیں اپنے گھر بھی لے آتیں۔ انہوں نے کہ انبیا علیہم السلام کے اِن واقعات میں اللہ کی قدرت اور حاکمیت کی بہت نشانیاں ہیں۔ اس کے بعد حضرت موسیٰ ؑ کا امتحان بھی لیا گیا۔ مصر سے نکلنا ،مدائین پہنچنا اور بعد کے واقعات اور امتحانوں میں کامیابی کے بعد انہیں نبوت عطا کی گئی اور ہارون کے ساتھ فرعون کے پاس جانے کا حکم دیا گیا۔ارشاد ہوا کہ میں تم دونوں کیساتھ ہوں، سن رہا ہوں اور دیکھ رہا ہوں۔ یہ دونوں فرعون کے پاس گئے اور” السلام علیکم“ نہیں کہا جس کا مطلب سلامتی کی خواہش و دعا ہے بلکہ فرمایا ”والسلام علیٰ من اتبع الہدیٰ“ ہدایت کی پیروی کرنیوالوں پر سلام ہو۔ حضرت موسیٰ ؑ کے واقعات میں بہت زیادہ عبرتیں اور سبق ہیں جن پر غور کرنے سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 917183

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917183/حضرت-موسی-کے-واقعات-میں-بہت-زیادہ-عبرتیں-اور-سبق-ہیں-علامہ-ریاض-نجفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org