QR CodeQR Code

رجب المرجب کا اولین جمعہ

یمنی عوام کبھی سعودی، امریکی و صیہونی رژیموں کی بالادستی قبول نہیں کرینگے، سید عبدالملک الحوثی

مأرب میں جاری جنگ کا مقصد جارح قوتوں کو نکال باہر کرنا ہے

19 Feb 2021 22:53

یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے رجب المرجب کے پہلے جمعے کے روز یمن میں منائی جانیوالی عید پر قوم سے خطاب میں تاکید کی ہے کہ مأرب میں جاری جنگ جارح فورسز کیعلاوہ کسی دوسرے فریق یا علاقے کے مکینوں کیخلاف نہیں کیونکہ وہ ایمانی شناخت میں ہمارے ساتھ متحد ہیں جبکہ صوبہ مأرب کی اکثریت شریف اور آزاد انسانوں پر مشتمل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے رجب المرجب کے پہلے جمعے کے روز؛ حضرت پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی جانب سے اپنے وصی و جلیل القدر صحابی حضرت علیؑ بن ابیطالبؑ کے یمن بھیجے جانے اور ان کے ہاتھ پر یمنی قوم کے اسلام قبول و بیعت کرنے کی مناسبت سے منائی جانے والی عید پر قوم سے خطاب کیا ہے۔ سید عبدالملک بدر الدین الحوثی نے اپنے خطاب میں تاکید کی ہے کہ یمنی عوام سعودی، اماراتی، امریکی و صیہونی رژیموں کی بالادستی کسی طور قبول نہیں کریں گے۔ یمنی سپریم لیڈر نے تاکید کی کہ ہم سعودی، اماراتی، امریکی و اسرائیلی یا کسی بھی دوسری رژیم کے زیر تسلط زندگی گزارنا نہیں چاہتے کیونکہ ہم آزاد ہیں اور ہماری ایمانی شناخت ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی خودمختاری کے لئے جدوجہد کریں۔

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنے خطاب کے دوران مأرب پر قابض سعودی فوجی اتحاد کے خلاف جاری آپریشن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مأرب میں جاری جنگ جارح فورسز کے علاوہ کسی دوسرے فریق یا علاقے کے مکینوں کے خلاف نہیں کیونکہ وہ ایمانی شناخت میں ہمارے ساتھ متحد ہیں جبکہ صوبہ مأرب کی اکثریت شریف اور آزاد انسانوں پر مشتمل ہے۔ یمنی سپریم لیڈر نے کہا کہ مأرب کے مٹھی بھر عناصر ایک سعودی فوجی افسر کے پرچم تلے جمع ہو کر یمنی عوام کے ساتھ لڑ رہے ہیں اور امریکی وفاداری و اسرائیلی دوستی کے باعث یمن پر سعودی شاہی رژیم کا تسلط برقرار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ (انصاراللہ کی) قومی سالویشن حکومت کا ایک ہی ہدف ہے اور وہ ملک میں موجود جارح فورسز اور غیر ملکی قوتوں کے دبدبے کا مقابلہ ہے۔

انصاراللہ کے سربراہ نے یمن میں تکفیری ٹولے کے (دوبارہ) سر ابھارنے کے بارے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس (تکفیری) سوچ کا یمنی عوام کے ساتھ کوئی تعلق ہے اور نہ ہی تکفیری دہشتگردوں کو یمنی عوام کی اصلی شناخت اور ان کے ایمان سے ہی کچھ لینا دینا ہے۔ سید عبدالملک بدر الدین الحوثی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے عوام پوری تاریخ میں ایک ایسے درخشاں ماضی اور مضبوط ایمان کے حامل رہے ہیں جو حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تک جا پہنچتا ہے جبکہ تکفیری دہشتگرد یمنی عوام کو کافر سمجھتے ہیں تا آنکہ یہ سب وہابی اور تکفیری سوچ کے مالک بن جائیں!

یمنی سپریم لیڈر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ (یمن کے) تمام محاذوں پر انجام پانے والے فوجی آپریشن جارح قوتوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ترتیب دیئے گئے تھے، یمنی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ایمانی، انسانی و قومی وظیفے کی بناء پر جارح قوتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور فلسطین جیسے امتِ مسلمہ کے اہم مسائل کی حمایت، امریکی دبدبے کے مقابلے اور مظلومین کی مدد کے لئے متحد ہو جائیں۔ رہبر انصاراللہ یمن نے اپنے خطاب کے آخر میں بعض عرب ممالک کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کئے جانے پر شدید تنقید کی اور کہا کہ یہ ٹولہ اپنے گھناؤنے اقدامات کے جواز کے لئے جیسے بہانے ہی کیوں نہ تراش لے، ان کی ذرہ برابر اہمیت نہیں!


خبر کا کوڈ: 917221

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917221/یمنی-عوام-کبھی-سعودی-امریکی-صیہونی-رژیموں-کی-بالادستی-قبول-نہیں-کرینگے-سید-عبدالملک-الحوثی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org