0
Friday 19 Feb 2021 23:07

نااہلوں کے ٹولے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، جماعت اسلامی

نااہلوں کے ٹولے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکار کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے تحت چلنے والے اسٹورز پر بھی آٹے، چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی نوید عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، نااہلوں کے ٹولے نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، عمران حکومت نے مہنگائی کے سوا کچھ بھی نہیں دی، تبدیلی کے نعرے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اپنے بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ موجودہ عمران حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کا نتیجہ ہے، کبھی ایک مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، تو کبھی ایک ہفتے میں بجلی کی قیمت میں دو دو بار اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی کے روزگار، نئے گھر اور چیزیں سستی کرنے کے تمام تر دعوے اور وعدے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو چکے ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مہنگائی میں کمی اور معاشی اشاریے بہتر ہونے کی نوید، تو دوسری جانب سرکاری اسٹورز پر بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی سمری حکمرانوں کی بے حسی اور عوام دشمنی کا کھلا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت اقتدار میں آئی ہے عوام کی پیٹھ پر مہنگائی کا کوڑا مسلسل برس رہا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن اور لوگ اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ موجودہ حکمران صحت، تعلیم سمیت ملک کا سارا بجٹ اپنی عیاشیوں اور اپنی مراعات پر لگا چکے، لیکن خلق خدا کیلئے آٹا، گھی، چینی، سبزی، مرچ وغیرہ سستی کر دو، تاکہ ایک مڈل کلاس فیملی کو دو وقت کی روٹی تو آسانی سے مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 917226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش