QR CodeQR Code

کچھ نادیدہ قوتیں پاکستان کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں، حامد سعید کاظمی 

20 Feb 2021 19:58

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہلسنت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایک ایسے مندر کی تعمیر جس کے مجاور قیام پاکستان کے ساتھ ہی اپنے معبود کی مورتی نکال کر ہندوستان لے جا چکے ہیں، اس جگہ پر قیام پاکستان سے آج تک ہندووں کی کبھی کوئی مذہبی تقریب نہیں ہوئی اور نہ ہی قرب و جوار میں کوئی ہندو آبادی ہے، ملتان میں جہاں چند گھرانے آباد ہیں وہاں مندر موجود ہیں اور فنکشنل ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر مذہبی اُمور صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ قاری محمد حنیف جالندھری، ناظم اعلٰی جماعت اہل سنت پنجاب علامہ محمد فاروق خان سعیدی، صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت میاں آصف اخوانی، محمد ایوب مغل، مفتی عثمان پسروری، مرزا ارشد القادری اور قاری عبدالغفار نے پریس کلب ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جس اہم ترین مسئلے پر آپ سے مخاطب ہیں وہ مدنی ریاست کے دعوے اور حکمرانوں کی جانب سے مندروں کی بیجا تعمیر ہے، حکومت اور انتظامیہ سپریم کورٹ کی آڑ میں ہنود و یہود کی خوشنودی کے لیے قلعہ کہنہ قاسم باغ پر حضرت بہاؤالدین زکریا رحمة اللہ علیہ کے دربار سے متصل مسجد کے ساتھ مندر تعمیر کرنا چاہتی ہے، اس حوالے سے کچھ نادیدہ قوتیں پاکستان کو تباہ و برباد کرنا چاہتی ہیں اور امن کو خراب کرنا چاہ رہی ہیں،۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کا محل وقوع حساس ہے اس مسئلہ پر ملتان کی عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ایک ایسے مندر کی تعمیر جس کے مجاور قیام پاکستان کے ساتھ ہی اپنے معبود کی مورتی نکال کر ہندوستان لے جا چکے ہیں، اس جگہ پر قیام پاکستان سے آج تک ہندوؤں کی کبھی کوئی مذہبی تقریب نہیں ہوئی اور نہ ہی قرب و جوار میں کوئی ہندو آبادی ہے، ملتان میں جہاں چند گھرانے آباد ہیں وہاں مندر موجود ہیں اور فنکشنل ہیں، ہم سمجھتے ہیں یہاں مندر کی تعمیر اسلام دشمن، ملک دشمن اور امن دشمن سازشیوں کی سازش اور مسلمان آبادیوں میں امن و سکون سے زندگی بسر کرنے والی ہندو اقلیت کے امن و سکون کو برباد کرنے کی سازش ہے۔ مسلم عوام کسی صورت بت خانوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دیں گے، بت شکنی سنت ابراہیمی ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فتح مکہ کے موقع پر مسجد الحرام اور خانہ کعبہ میں موجود بتوں کو خود اپنی نگرانی میں نکال کر باہر پھینکا اور ساتھ زبان پر بت شکنی کے حوالے سے اور حق اور باطل کے حوالے سے ورد جاری تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے غیور مسلم عوام کسی صورت یہ عبادت خانہ تعمیر نہیں ہونے دیں گے، عوام میں مندر کی تعمیر کے اعلان پر شدید اشتعال پایا جاتا ہے، حالات کی خرابی کی تمام ذمہ داری ملتان انتظامیہ اور حکمرانوں پر عائد ہوگی، ہم مدنی ریاست کے قیام کے جھوٹے دعوے دار حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بت خانوں کی تعمیر کی بجائے نریندر مودی سے بابری مسجد کی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کریں۔ اسی طرح ہم یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ بت خانوں کی تعمیر پر اربوں روپے لوٹانے کی بجائے مساجد کو مفت بجلی اور مہنگائی کے مارے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں، آخر میں ہم ایک بار پھر حکمرانوں سے کہتے ہیں کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے نہ کھیلیں ہم یہ بھی اعلان کرتے ہیں کہ 28 مارچ کو پوری دنیا سے ہندوؤں کو اکٹھا کرکے ہولی منانے کی اجازت بالکل نہیں دیں گے۔
میرا خیال ہے کہ حکومت عوام کو اس طرح سے بہلا پھسلا کر اصل مقصد سے ہٹانا چاہ رہی ہے حکومت کو چاہیئے کہ مندر کی تعمیر میں جو اربوں روپے خرچ ہونے ہیں وہ عوام پر خرچ کرے اور اس کو ان مساجد پر خرچ کرے جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ منہدم ہو رہی ہیں ان سے ہماری ثقافت بھی زندہ رہے گی اور ٹورزم بھی بڑھے گا۔

ملتان سمیت پورے پاکستان میں کئی مساجد شہید کی گئی ہیں ان کو تعمیر کیا جائے اور ان پر توجہ دی جائے، حکمران اپنے قول و فعل کے تضاد کو ختم کریں، مسجد امیر خان میں جو واقعہ ہوا ڈھول بجا کر رقص کیا گیا حکومت اس کا نوٹس لینے کی بجائے مندر تعمیر کرنے پر زور دے رہی ہے اور یہ فعل قابل مذمت ہے اس سے پاکستان میں بسنے والے ہندو لوگوں کے لیے مسائل بڑھ سکتے ہیں، کہنے کو تو بھارت ایک سیکولر ریاست ہے مگر آپ دیکھیں وہ مساجد کو گرا کر مندر تعمیر کیے جا رہے ہیں، ہماری یہاں اسلامی ریاست ہونے کے باوجود مساجد شہید کرکے مندر تعمیر کیے جا رہے ہیں، ہمارے عمران خان ویسے تو اقوام متحدہ میں جاکر تقریر کرکے اپنے آپ کو عاشق رسول کہتے ہیں مگر مندروں کی تعمیر پر زرو دے رہا ہے لہٰذا اس کو ہوش سے کام لیتے ہوئے اس فیصلے کو واپس لینا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 917402

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917402/کچھ-نادیدہ-قوتیں-پاکستان-کو-تباہ-برباد-کرنا-چاہتی-ہیں-حامد-سعید-کاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org