QR CodeQR Code

تحریک انصاف کو گھر میں گھس کر مارا اور گھر میں گھس کر مارنے کا اپنا ہی مزہ ہے، مریم نواز

20 Feb 2021 20:27

لاہور میں لیگی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ن لیگ کی مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں ن لیگ سے مقابلہ ہی نہیں تھا، انہیں پتہ تھا کہ یہ ہاریں گے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بری طرح ہاریں گے، پی ٹی آئی نے کھلے عام فائرنگ کی، ان کا ایک امیدوار فائرنگ کرنیوالوں کیساتھ کھڑا ہوا تھا، یہ انتہائی خطرناک لوگ ہیں جو ہر حربہ آزما سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا لاہور میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ نوشہرہ میں ن لیگ نے تحریک انصاف کو گھر میں گھس کر مارا اور گھر میں گھس کر مارنے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ انہوں نے ڈسکہ اور وزیر آباد میں ریاستی مشینری  کو استعمال کیا، ن لیگ کے کارکنوں نے خوف کے ماحول میں ووٹ ڈالا تینوں حلقوں سے اپنی پارٹی کو فتح دلائی۔ مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کو تینوں حلقوں میں شاندار فتح ملی، کارکنوں نے دھاندلی کے ماحول میں باہر نکل کر ووٹ ڈالا، لیگی کارکن خوف و ہراس کے ماحول میں ڈٹے رہے، عوام نےنہ صرف ووٹ دیا بلکہ آخری وقت تک پہرہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں مسلم لیگ (ن) نے انہیں گھر میں گھس کر مارا، کسی کے گھر میں جا کر اس کی فتح چھین کر لانے کا اپنا ہی مزہ ہے، ن لیگ کا جیتنا ان کیلئے موت سے بدتر ہے کیونکہ ن لیگ کی وجہ سے ان کا وجود خطرے میں پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں ن لیگ سے  مقابلہ ہی نہیں تھا، انہیں پتہ تھا کہ یہ ہاریں گے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بری طرح ہاریں گے، پی ٹی آئی نے کھلے عام فائرنگ کی، ان کا ایک امیدوار  فائرنگ کرنیوالوں کیساتھ کھڑا ہوا تھا، یہ انتہائی خطرناک لوگ ہیں جو ہر حربہ آزما سکتے ہیں، اگر مسلم لیگ ن کے کسی شخص نے فائرنگ کی ہوتی تو اس کا کیا حال ہوتا، اگر رانا ثنا اللہ نے فائرنگ  کی ہوتی تو انہوں نے صرف رانا صاحب کو ہی نہیں بلکہ مریم نواز کو بھی جا کر گرفتار کرنا تھا۔ مریم نواز کے مطابق تحریک انصاف نے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا لیکن ہمارے لوگ جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے۔ بیس میل دور فائرنگ ہوئی لیکن انہوں نے ڈسکہ شہر کے وہ پولنگ سٹیشنز بند کر دیئے جہاں ن لیگ کا زور تھا۔


خبر کا کوڈ: 917415

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917415/تحریک-انصاف-کو-گھر-میں-گھس-کر-مارا-اور-مارنے-کا-اپنا-ہی-مزہ-ہے-مریم-نواز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org