QR CodeQR Code

سینیٹ انتخابات میں کامیابی سے مافیا کو شکست اور ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی، شاہ محمود قریشی 

20 Feb 2021 20:30

ملتان میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ملک اور عوام کے لئے کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، وہ چاہتے ہیں عوام کی زندگی میں تبدیلی لائی جائے اور اسی پر عمل درآمد کیلئے پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں، جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت اقتصادی صورتحال سب کے سامنے تھی، کوئی اپنی مرضی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، جب حالات اتنے بگڑ چکے ہوں تو مجبوری کی صورت میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ 


اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈسکہ ضمنی انتخابات کے موقع پر ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ووٹ کی عزت کو تار تار کیا، تحریک انصاف شفاف انتخابات جبکہ اپوزیشن پیسے کے بل بوتے پر سیاست کا تسلسل چاہتی ہے، تحریک انصاف پرامن جماعت ہے اس کے برعکس ن لیگ تشدد اور غنڈہ گردی کی سیاست کرتی ہے، سینیٹ انتخابات میں حکومت کا مافیا سے مقابلہ ہے، سینیٹ انتخابات میں کامیابی سے مافیا کو شکست اور ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے میں مدد ملے گی۔قومی خزانہ لوٹنے والے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی، سابقہ ادوار میں قومی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم ملک اور عوام کے لئے کچھ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، وہ چاہتے ہیں عوام کی زندگی میں تبدیلی لائی جائے اور اسی پر عمل درآمد کیلئے پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت اقتصادی صورتحال سب کے سامنے تھی، کوئی اپنی مرضی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا جب حالات اتنے بگڑ چکے ہوں تو مجبوری کی صورت میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، کورونا کے حالات میں پوری دنیا بالخصوص خطے کے دیگر ممالک کی برآمدات کم ہوئیں لیکن پاکستان کی برآمدات بڑھی ہیں، ہماری ٹیکس گروتھ بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ7ماہ کے محصولات کے ہدف کو پورا کیا۔ سابقہ دور میں روپے کو جان بوجھ کر اوور ویلیو رکھا گیا، اس عرصے میں درآمدی مصنوعات مقبول ہوئیں اور ہماری مقامی انڈسٹری کمزور ہوئی، ڈالر کے ذخائر ختم کر دئیے گئے۔ ہماری خواہش ہے ملکی معیشت کو مضبوط اور قیمتیں کم کی جائیں اور مہنگائی پر قابو پایا جائے۔ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومت نے سخت فیصلے کئے حکومت نے حکومتی اخراجات میں زبردست طریقے سے کمی کی ہے۔ وزیراعظم ہاوس، ایوان صدر سمیت تمام اہم دفاتر میں اخراجات میں کمی کی گئی، ٹیکس نیٹ میں اضافے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ کیونکہ جب ہم نے عوام کو صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی سہولیات دینی ہیں تو ہم مستقل طور پر باہر سے قرضے لے کر اخراجات پورے نہیں کر سکتے۔ ہمیں ملکی آمدنی میں اضافہ کرکے عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، ماضی میں اس خطے کے ہر شعبے کو جان بوجھ کر یکسر نظرانداز کیا گیا، ہماری حکومت تمام شعبوں کی یکساں و پائیدار ترقی کے مربوط لائحہ عمل پر عمل پیرا ہے، اب خطے کے وسائل کو کسی دوسرے خطے یا شعبے پر خرچ نہیں کیا جائے گا۔ یکساں مساوات اور ترقی کے فارمولے پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی ترقی کی جانب پہلا قدم ہے، اس سیکرٹریٹ میں آسامیوں کی منظوری ہو چکی ہے جو لوگ کہتے ہیں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے افسران بے اختیار ہیں وہ سن لیں۔ افسران کی تعیناتی کے بعد سیکرٹریٹ مکمل اختیارات کے ساتھ فنگشنل ہو جائے گا اور عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے باہر نہیں جانا پڑے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تحریک انصاف کی حکومت کا یہاں کی عوام کیلئے تحفہ ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ قائم کرکے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی راہ ہموار کردی ہے اور انشااللہ وہ وقت دور نہیں جب اس خطے کے باسیوں کو اس کا حق ملے گا۔
 


خبر کا کوڈ: 917417

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917417/سینیٹ-انتخابات-میں-کامیابی-سے-مافیا-کو-شکست-اور-ملک-قانون-کی-حکمرانی-قائم-کرنے-مدد-ملے-گی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org