QR CodeQR Code

داغدار، جانبدار اور پرتشدد انتخابات جمہوری انتخابی عمل کے لیے جان لیوا بن جائیں گے، لیاقت بلوچ

20 Feb 2021 20:53

جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد امریکہ، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لیے اختیار کی گئی سیکورٹی حکمت عملی ناکام ہے، یہ حکمت عملی عوام، ریاستی اداروں کے درمیان بے اعتمادی کی خوفناک خلیج پیدا کر رہی ہے، تمام لاپتہ افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے یہی قومی سلامتی کے لیے مفید اقدام ہوگا۔ 


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی و صدر مجلس قائمہ سیاسی امور لیاقت بلوچ نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عمران خان کا اوپن بیلٹ انتخابی ڈرامہ فلاپ اور بری طرح بے نقاب ہو گیا ہے، دونوں بڑی سیاسی چڑیلوں نے سیاسی جمہوری عمل اور ووٹ کے تقدس کو پامال کر دیا ہے، عمران خان سرکار شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے میں ناکام ہوگئی ہے، ناکام و نااہل عوام دشمن حکومت خود سیاسی محاذ پر شدت اور انارکی پھیلا رہی ہے، حکومت اپنی ناکامیوں کی اصلاح اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے فاشسٹ طرز سیاست پر عمل پیرا ہے۔ ملک گیر اور بھرپور احتجاج اور تحریک ہی بحرانوں کا حل ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک میں سیاسی، آئینی اور پارلیمانی بحران خطرناک انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکومت اور قومی قیادت تیزی سے بندگلی کی طرف دوڑتے چلے جارہے ہیں۔شخصی گلیمر، خاندانوں، دھڑوں، مال و زر کی سیاست دم توڑ رہی ہے، ریاستی طاقت سے انتخابات کی انجینئرنگ فرسودہ اور ناقابل برداشت طریقہ واردات بن گیاہے۔ سینیٹ انتخابات، گلگت بلتستان اور ضمنی انتخابات نے پھر بے نقاب کردیا ہے کہ نام نہاد سیاسی جمہوری پارٹیاں خود جمہوریت اور پارلیمانی نظام سے دشمنی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ داغدار، جانبدار اور پرتشدد انتخابات جمہوری انتخابی عمل کے لیے جان لیوا بن جائیں گے، آئین، عدلیہ اور عوام کے مسائل کے حل کا تقاضا ہے کہ تمام جمہوری قوتیں قومی ڈائیلاگ پر آمادہ ہوں، قومی ترجیحات پر اتفاق کریں اور انتخابی اصلاحات کرلیں وگرنہ سینیٹ الیکشن کے بعد خوفناک سیاسی بھونچال سب کے لیے خطرے کا کھنٹال ہے۔ لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، نائن الیون کے بعد امریکہ، آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کی خوشنودی کے لیے اختیار کی گئی سیکورٹی حکمت عملی ناکام ہے، یہ حکمت عملی عوام، ریاستی اداروں کے درمیان بے اعتمادی کی خوفناک خلیج پیدا کر رہی ہے، تمام لاپتہ افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے یہی قومی سلامتی کے لیے مفید اقدام ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 917419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917419/داغدار-جانبدار-اور-پرتشدد-انتخابات-جمہوری-انتخابی-عمل-کے-لیے-جان-لیوا-بن-جائیں-گے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org