QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی نے سینیٹ الیکشن میں حمایت کیلئے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی

21 Feb 2021 00:35

پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی نے سینیٹ الیکشن میں حمایت کے لیے جماعت اسلامی سے مدد مانگ لی، جس کے لیے پی پی کے وفود نے لاہور اور کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے دو رکنی وفد وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے ہفتے کو ادارہ نور حق میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کی درخواست کی۔ ملاقات میں کراچی سمیت اندرون سندھ کے عوام کے مسائل بالخصوص شہر قائد کی ابتر صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی حالات پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے صوبائی وزراء سے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات اور فیصلے کیے جائیں کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف مل سکے۔ پیپلز پارٹی کی درخواست کے جواب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے وفد کو بتایا کہ مرکز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بھی لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا ہے اور ان سے حمایت حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں میں مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر شامل تھے، جنہوں نے جواباً سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن کی حمایت حاصل کرنے کے لیے درخواست کی۔


خبر کا کوڈ: 917457

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917457/پیپلز-پارٹی-نے-سینیٹ-الیکشن-میں-حمایت-کیلئے-جماعت-اسلامی-سے-مدد-مانگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org