0
Sunday 21 Feb 2021 01:04

کابل میں تین گاڑیوں کو دھماکوں سے اُڑا دیا گیا، 5 افراد جاں بحق

کابل میں تین گاڑیوں کو دھماکوں سے اُڑا دیا گیا، 5 افراد جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے دارالحکومت میں مختلف مقامات پر تین کاروں کو دھماکوں سے اُڑا دیا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں آج مختلف مقامات پر 3 دھماکے ہوئے اور حیران کن طور پر تینوں دھماکوں میں کرولا کار کو نشانہ بنایا گیا۔ تینوں کار میں شہری سوار تھے جب کہ ایک کار میں خاتون سمیت بچے بھی موجود تھے۔ پہلا دھماکا دارالامن روڈ پر ہوا، جس میں خوش قسمتی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم کار میں سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے ایک حالت نازک ہے جب کہ دوسرا دھماکا کارتہ پروان میں ہوا جس میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اسی طرح تیسرے دھماکے میں بھی ایک کرولا کار کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس نے تینوں کارروائیوں کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں واقعات میں مماثلت کو دیکھتے ہوئے تفتیش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ دوحہ میں افغان طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات میں تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی جب کہ رواں برس جنوری سے تاحال اب تک صرف کابل میں 39 بارودی دھماکے اور 8 مسلح حملے ہوئے ہیں جن میں 51 افراد ہلاک اور 71 زخمی ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 917459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش