0
Sunday 21 Feb 2021 01:26

نون لیگی امیدوار کی حمایت کرنے پر پرویز خٹک کے بھائی صوبائی کابینہ سے فارغ

نون لیگی امیدوار کی حمایت کرنے پر پرویز خٹک کے بھائی صوبائی کابینہ سے فارغ
اسلام ٹائمز۔ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے ساتھ تعاون کرنے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی کو صوبائی کابینہ سے فارغ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کرنے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی صوبائی وزیر لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کر دیا گیا ہے، اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد پارٹی قواعد اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ محمود خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پی کے 63 الیکشن میں اپوزیشن کے امیدوار کی مدد کرنے پر صوبائی وزیر لیاقت خٹک کو کابینہ سے فارغ کر دیا ہے۔

صوبائی معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے اس حوالے سے کہا ہے کہ اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پر بجلیاں، نوشہرہ ضمنی انتخابات میں صوبائی وزیر لیاقت خٹک نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو سپورٹ کیا، وزیراعلیٰ محمود خان نے رپورٹ طلب کی تو واضح ہوا کہ لیاقت خٹک اور ان کے خاندان نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کے خلاف کام کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے مشاورت کی اور ان کی منظوری سے لیاقت خٹک کو وزارت سے فارغ کر دیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز پی کے 63 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اختیار ولی نے کامیابی سمیٹی تھی، پارٹی قیادت نے ضمنی انتخاب میں لیاقت خٹک کی جانب سے مسلم لیگ نون کے امیدوار کی حمایت کا نوٹس لیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 917461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش