QR CodeQR Code

ایران کی علمی پیشرفت

ایران، 100 نفری مسافر بردار جیٹ طیارے کی تیاری پر کام شروع

20 Feb 2021 13:23

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ نے تاکید کی ہے کہ اس حوالے سے نہ صرف وزارت دفاع کیساتھ مفاہمت پر دستخط ہو چکے ہیں بلکہ متعدد تحقیقاتی کمپنیاں بھی تشکیل پا چکی ہیں جو اعلی صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم 100 نفری ایرانی مسافربردار جیٹ طیارے کو مستقبل قریب میں محو پرواز پائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ اور ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ میٹروپولیٹن ڈیویلپمنٹ بریگیڈیئر جنرل (ر) تورج دہقانی زنگنہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ملکی ہوائی بیڑے میں نئے جہازوں کے اضافے کی منصوبہ بندی مکمل ہو چکی ہے، اعلان کیا ہے کہ ہماری توجہ صرف جہازوں کی خریداری پر ہی مرکوز نہیں بلکہ ہم نے وزارت دفاع کے تعاون سے ملک میں 70 تا 100 نفری مسافر بردار جیٹ طیارے کی تیاری کا منصوبہ بنا رکھا ہے تاکہ ملکی سطح پر موجود فوجی سازوسامان کی تیاری کی صلاحیت کو تجارتی ہوائی جہاز کی تیاری میں استعمال کیا جا سکے۔ بریگیڈیئر جنرل (ر) تورج دہقانی زنگنہ نے کہا کہ اس حوالے سے وزارت دفاع کے ساتھ ایک مفاہمت پر دستخط ہو گئے ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈپٹی وزیر ٹرانسپورٹیشن اینڈ میٹروپولیٹن ڈیویلپمنٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ ہدف ایک سہ فریقی مفاہمت کی شکل میں انجام پائے گا جبکہ ایسا ہی ایک مفاہمت نامہ وزیر ٹرانسپورٹ کی موجودگی میں قومی ایوی ایشن اتھارٹی اور ایڈوانس اسپیس اینڈ ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی ڈیویلپمنٹ ہیڈکوارٹر کے درمیان بھی دستخط کیا جائے گا۔ بریگیڈیئر جنرل (ر) زنگنہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قبل ازیں ایک محدود وقت سے جیٹ مسافربردار طیارے کے انجن کی تیاری پر کام شروع ہو چکا ہے اور ملکی سطح پر اس حوالے سے اچھی پیشرفت بھی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس حوالے سے متعدد تحقیقاتی کمپنیاں (Knowledge Based Companies) تشکیل پا چکی ہیں جو اعلی صلاحیتوں کی مالک ہیں تاہم ہنوز ہم ابتدائی مراحل میں ہیں البتہ بہت بڑے اقدامات اٹھائے جا چکے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم 100 نفری ایرانی مسافربردار جیٹ طیارے کو مستقبل قریب میں محو پرواز پائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 917542

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917542/ایران-100-نفری-مسافر-بردار-جیٹ-طیارے-کی-تیاری-پر-کام-شروع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org