0
Sunday 21 Feb 2021 19:04

ملتان کے تاریخی ایمرسن کالج کو یونیورسٹی کا نام دے کر تعلیم اور طلبہ کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، طارق کلیم خان

ملتان کے تاریخی ایمرسن کالج کو یونیورسٹی کا نام دے کر تعلیم اور طلبہ کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے، طارق کلیم خان
اسلام ٹائمز۔ پی پی ایل اے پنجاب کے صدر طارق کلیم نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت یونیورسٹی بنایا جارہا ہے جس کا فائدہ قطعا طلبا و طالبات کو نہیں ہوگا۔ ملتان کے تاریخی کالج کو اس طرح ایک نوٹیفکیشن سے یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا گیا ہے مگر حکومت کے پاس اس بات کا جواب نہیں کہ ایمرسن کالج جو پہلے انٹر کی تعلیم کا ذریعہ تھا جہاں سے طلبا و طالبات چند سو روپے میں اپنی ڈگری حاصل کرتے تھے اب متوسط طبقہ کے طلبا و طالبات کہاں جائیں گے؟۔ کالج کے پاس موجود لائبریری، سائنس لیبز، سپورٹس گراونڈ کی حالت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ ملک پاکستان میں مسلط حکومتیں تعلیم اور صحت سے ہمیشہ اپنا ہاتھ اٹھاتی ہیں۔ پروفیسر طارق کلیم نے کہا کہ میں میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ پچھلے عرصے میں اس طرز پر بننے والی یونیورسٹیز کا جائزہ لیں اور دیکھیں کس حد تک تعلیمی فیسوں کا بوجھ والدین پر پڑا۔ کیا یونیورسٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد وہاں تعلیمی صورتحال میں تبدیلی ہوئی؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے پروفیسرز تعلیم اور تعلیمی ادارے بچانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں۔ یہ تعلیمی ادارے اس ملک کا اثاثہ ہیں تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے حکومت راہ فرار اختیار کر رہی مگر ہم ایسا نہیں کرنے دیں، ہم شہر بھر کے مقتدر طبقات، تاجروں، مزدوروں، کسانوں، ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلا، ایمرسن کالج کے سابق طلبا یونین رہنماوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ کالج بچاو تحریک میں ہمارے ساتھ چلیں تاکہ ایمرسن کالج اور پنجاب کے دیگر کالجز شہر کے متوسط طبقہ کو سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پروفیسرز نئی جامعات کے مخالف نہیں ہمارا واضح موقف ہے کہ جامعات نئی اراضی پر قائم کی جائیں پہلے سے موجود کالجز کو جامعات میں تبدیل کر کے فیسوں کا بوجھ نہ بڑھایا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کالج بچاو تحریک کی ایکشن کمیٹی کا اعلان کیا اور کہا کہ کل بروز سوموار ایمرسن کالج کے یونیورسٹی بننے خلاف ایمرسن کالج کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 917569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش