QR CodeQR Code

مالی بحران کے باعث وزیر اعظم کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، عبدالحفیظ شیخ

21 Feb 2021 19:11

میڈیا سے بات کرتے یوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ اسلام آباد کی سیٹ کوئی ذاتی مقابلہ نہیں سیاسی مقابلہ ہے، منتخب نمائندے اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے، چاہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور قوم فخر کرے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ مالی بحران کے باعث وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔ کراچی میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے یوئے عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ اسلام آباد کی سیٹ کوئی ذاتی مقابلہ نہیں سیاسی مقابلہ ہے، منتخب نمائندے اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے، چاہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور قوم فخر کرے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کم کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم کی اولین ترجیح قیمتوں میں اضافے کو روکنا ہے، دنیا میں گھی کی قیمت بڑھ رہی ہے، درآمدی اشیا پر ٹیکسوں میں کمی کرنا ہمارے لیے چیلنج ہے، اشیا کی قیمتیں نہ بڑھنے دینا بھی حکومت کےلیے چیلنج ہے،وزیراعظم کی پالیسیوں کا محور غریب آدمی ہے، حکومت نے احساس پروگرام کا بجٹ 100 سے بڑھا کر 200 ارب روپے کیا،یوٹیلیٹی اسٹورز کی متعدد اشیاء پر سبسڈی دی جا رہی ہے، 72 فیصد لوگوں کو بجلی پر سبسڈی دی جا رہی ہے، کورونا کے دوران ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو 12ہزار فی کس دیئے گئے، احساس کیش پروگرام سے لوگوں کی بلاتفریق مدد کی گئی۔

عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی خوشی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا، مالی بحران کے باعث وزیر اعظم عمران خان کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، اقتدار سنبھالا تو معاشی حالات بہت خراب تھے، حکومت نے معیشت کو سنبھالنے کے لئے سخت فیصلے کیے، عمران خان کی حکومت آئی تو مالی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، 20 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ اب سرپلس ہو چکا ہے، پچھلی حکومت کے اور میں برآمدات صفر تھیں، بنگلا دیش اور بھارت کی ایکسپورٹ کم اور پاکستان کی بڑھ رہی ہیں، عالمی ادارے پاکستان کی بہتر معاشی کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 917571

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917571/مالی-بحران-کے-باعث-وزیر-اعظم-کو-آئی-ایم-ایف-پاس-جانا-پڑا-عبدالحفیظ-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org