QR CodeQR Code

ملک میں آٹا، شوگر، لینڈ، ڈرگ، چینی، پیٹرول اور گھی مافیا اپنے عروج پر ہے، سراج الحق 

21 Feb 2021 19:19

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیانات کہ مہنگائی وذخیرہ اندوز مافیا کو نہیں چھوڑوں گا صرف دعوے ثابت ہوئے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، اب تک مافیاز عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال چکے ہیں۔


  اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے بل جلاتی تھی اب 22کروڑ عوام کے دل جلا رہی ہے، پی ٹی آئی کے ڈھائی سالہ دورحکومت میں ملک و قوم کو ایک پل کا سکھ نصیب نہیں ہوا۔ ملک میں غذائی اجناس کے ہوتے ہوئے خیر و برکت بھی اٹھ گئی۔ آئی ایم ایف کا قرض ملک اور عوام کیلیے سب سے بڑا مرض بن چکاہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے عوام کو دن میں تارے دکھا دیے ہیں۔ مغرب کے فنڈ سے چلنے والی این جی اووز مدارس کا امیج خراب کرنے میں دن رات مصروف ہیں۔ حکومت اس بات کا فوری نوٹس لے۔ تمام مسائل کا حل اللہ کے نظام کے نفاذ میں موجود ہے۔ جماعت اسلامی اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ وعلیہ وسلم کے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے۔ قوم نے سب کو آزما لیا اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے۔ ملتان سے جاری بیان مین سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے لوگوں کو رونے پر مجبور کر دیا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے جو اڑھائی سالہ رپورٹ پیش کی ہے اس کے مطابق دال ماش کی قیمت 107، آٹا 10، چینی 38، گھی 100، دال مونگ، چنا38، گڑ 45، بکرے کا گوشت 216، گائے کا گوشت 100، برائلر 102 روپے کلو جبکہ دودھ، دھی، انڈوں، سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافے سے عوام کے ہوش اڑ گئے ہیں۔ نئے پاکستان میں غریب کا مرنا آسان جینا مشکل بنا دیا گیاہے۔

 سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں آٹا، شوگر، لینڈ، ڈرگ، چینی، پیٹرول اور گھی مافیا اپنے عروج پر ہے، وزیراعظم کے بیانات کہ مہنگائی وذخیرہ اندوزمافیا کو نہیں چھوڑوں گا صرف دعوے ثابت ہوئے ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اب تک مافیاز عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام کے اوسان خطا ہو چکے ہیں۔ بجلی کے بل بڑھنے سے عوام کے دل جل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑھائی برسوں میں ملکی و غیرملکی قرضوں میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے دو ہزار ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کر کے مہنگائی کی طرف ایک اور قدم اٹھایا ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ پہلے سالانہ بجٹ آتا تھا اب روزانہ بجٹ آتا ہے، سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 70% اضافہ ہو چکا ہے۔


خبر کا کوڈ: 917576

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917576/ملک-میں-آٹا-شوگر-لینڈ-ڈرگ-چینی-پیٹرول-اور-گھی-مافیا-اپنے-عروج-پر-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org