0
Sunday 21 Feb 2021 19:25

جیو جنگ کے دفتر پر حملے کی وفاقی وزرا کی مذمت

جیو جنگ کے دفتر پر حملے کی وفاقی وزرا کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے جنگ اور جیو نیوز کے مرکزی دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں شبلی فراز نے استفسار کیا کہ سندھ حکومت نے جنگ اور جیو نیوز کے دفاتر کو بروقت پولیس فراہم کیوں نہیں کی؟
 
انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کاحق ہے مگر تشدد کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جنگ اور جیو نیوز کے مرکزی دفتر پر حملے کو بزدلانہ فعل قرار دیا ہے۔
 
اسلام آباد سے جاری بیان میں شیخ رشید نے جنگ اور جیو کراچی کے دفتر پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ صحافتی ادارے پر حملہ بزدلانہ فعل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، امید ہے کہ سندھ حکومت جنگ اور جیو کے دفتر کی حفاظت یقینی بنائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سندھ حکومت پیشکش کی کہ اس ضمن میں وہ صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
 
واضح رہے کہ کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع جنگ اور جیو نیوز کے مرکزی دفتر پر مظاہرین حملہ آور ہوئے۔ مظاہرین نے واک تھرو گیٹ اور مرکزی دروازے کو توڑ دیا اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور دھکے بھی دیے۔ جنگ اور جیو نیوز کے دفتر پر حملہ آور ہونے والے مظاہرین نے دفتر کے باہر دھرنا بھی دےد یا ہے۔
خبر کا کوڈ : 917577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش