QR CodeQR Code

اردو زبان میں ہر صورتحال میں آگے بڑھنے کی صلاحت موجود ہے، ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

21 Feb 2021 21:01

ڈاکٹر احمد نے کہا کہ کورونا بحران میں جہاں مودی حکومت نے تقریباً تمام محکموں اور اداروں میں اوسطاََ 30 فیصد بجٹ میں کمی کی، وہیں این سی پی یو ایل کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے آج کہا کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں بولی جانے والی اردو زبان میں ایک خاص خوبی یہ ہے کہ وہ ہر صورتحال میں آگے بڑھنے کی طاقت رکھتی ہے۔ بھوپال میں اردو تعلیم کے شعبے میں سرگرم انوار العلوم سوسائٹی کے پروگرام میں حصہ لینے آئے ڈاکٹر احمد نے یہاں یواین آئی کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے بحران میں بھی اردو زبان کے فروغ سے متعلق کام کاج بند نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا تھا اور غیر یقینی صورتحال کا ماحول تھا، تب بھی این سی پی یو ایل کے تمام عہدیدار اور ملازمین دفتر آتے رہتے تھے وہ خود باقاعدگی سے اپنے دفتر آتے رہے۔ آن لائن میٹنگیں، سیمینارز اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ تعلیمی اداروں کو مخصوص سافٹ ویئر مہیا کرائے گئے۔

ڈاکٹر احمد نے کہا کہ کورونا بحران میں جہاں مودی حکومت نے تقریباً تمام محکموں اور اداروں میں اوسطاََ 30 فیصد بجٹ میں کمی کی، وہیں این سی پی یو ایل کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اردو، عربی اور فارسی زبانوں سے متعلق کورسز کے انعقاد کے لئے تکنیکی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں بھی کوئی بحران پیدا ہوا تو بھی اردو زبان کی ترقی متاثر نہیں ہوگی، کیونکہ یہ اردو زبان کی خصوصیت ہے اور اس کے پاس اتنی طاقت ہے کہ وہ ہر صورتحال میں آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وقت کے ساتھ تبدیلی کی گنجائش بھی ہونی چاہیئے۔ شیخ عقیل احمد نے کہا کہ بھوپال میں بھی اردو ادب سے وابستہ شخصیات رہی ہیں اور اب بھی ہیں، یہ ان کے لئے خوشی کی بات ہے کہ وہ اس شہر میں اردو سے متعلق پروگرام میں شرکت کے لئے آئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 917580

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917580/اردو-زبان-میں-ہر-صورتحال-آگے-بڑھنے-کی-صلاحت-موجود-ہے-ڈاکٹر-شیخ-عقیل-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org