0
Sunday 21 Feb 2021 19:47

ڈسکہ میں نوشین افتخار کی کامیابی نواز شریف اور پی ڈی ایم کی فتح ہے، محفوظ مشہدی

ڈسکہ میں نوشین افتخار کی کامیابی نواز شریف اور پی ڈی ایم کی فتح ہے، محفوظ مشہدی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور مسلم لیگ ن کے پی پی68 سے ٹکٹ ہولڈر پیر محفوظ مشہدی نے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کی کامیابی کو میاں نواز شریف اور پی ڈی ایم کے بیانیے کی فتح قرار دیا ہے۔ انہوں نے میاں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو نوشہرہ اور وزیر آباد کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے یوپی کے کارکنوں نے مسلم لیگ ن کی انتخابی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ حکومت کی انتخابی عمل میں مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی الیکشن کمیشن کی ساکھ کا مسئلہ ہے۔ گذشتہ کافی عرصے سے الیکشن کمیشن کی کارکردگی سوالیہ نشان ہی چلی آ رہی ہے۔ لیکن حلقہ این اے 75 میں جس انداز سے 23 پولنگ اسٹیشنوں کے عملے کو یرغمال بنایا گیا اور تحریک انصاف کے غنڈوں نے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فائرنگ کرکے انتخابی عمل میں مداخلت کی، نتائج میں ردوبدل کروانے کیلئے پولنگ ایجنٹس کو ہراساں اور انتخابی عملہ کو یرغمال بنایا گیا، اس سے حکومت کی بوکھلاہٹ واضح ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے بعد حلقے کے عوام کی منتخب نمائندہ نوشین افتخار کا اعلان کرے۔ جے یو پی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر محفوظ مشہدی نے ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے الیکشن نتائج کا اعلان روکنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صرف الیکشن کروانا ہی نہیں بلکہ صاف شفاف انتقال اقتدار کو یقینی بھی بنانا ہے۔ انتخابی دھاندلی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات الیکشن کمیشن کی ساکھ کا مسئلہ ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر حکومت کا دباو قبول نہ کرتے ہوئے انتخابی عملے کو یرغمال بنانے والے ملزمان کو نہ صرف بے نقاب کریں گے بلکہ پورے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم بھی دیں گے ،تاکہ تمام شکوک و شبہات دور ہو سکیں۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ عوام اور میڈیا نمائندگان کے سامنے ڈسکہ شہر میں سارا دن غنڈے انتخابی عمل کو سست روی کا شکار کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر فائرنگ کرتے رہے مگر افسوس قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے رہے۔
خبر کا کوڈ : 917587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش