QR CodeQR Code

دشمن کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں اور اُسے ذلت و خواری کیساتھ خطہ چھوڑنا پڑ رہا ہے، میجر جنرل باقری

21 Feb 2021 23:49

مرجع عالیقدر آیت اللہ نوری ہمدانی کیساتھ انکے گھر میں ملاقات کے دوران ایرانی آرمی چیف نے تاکید کی ہے کہ آج امریکی کم از کم فائدے کیساتھ جوہری معاہدے میں پلٹنا چاہتے ہیں جبکہ یہ چیز ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کے متاثر کن اقتدار کی واضح علامت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی چیف آف آرمی اسٹاف میجر جنرل محمد حسین باقری نے آیت اللہ نوری ہمدانی کے ساتھ ان کے گھر میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے ساتھ ساتھ دشمن کی جانب سے اختیار کردہ زیادہ سے دباؤ کی پالیسی، جوہری معاہدے سے یکطرفہ دستبرداری اور اس میں ردوبدل سمیت خطے میں طاقت کے توازن پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر میجر جنرل محمد حسین باقری نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ کی کمان اور اس کے نتیجے میں کی جانے والی کوششوں کے سبب آج اسلامی نظام کے دشمنوں کو ذلت و خواری کے ساتھ خطے سے نکلنا پڑ رہا ہے اور ان کی تمام سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔

ایرانی آرمی چیف کی آیت اللہ نوری ہمدانی کے ساتھ ملاقات

ایرانی آرمی چیف نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گذشتہ چند ماہ کے دوران خطے میں انجام دی جانے والی وسیع نقل و حرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران سپریم کمانڈر کے حکم پر مسلح افواج نے پورے ملک میں 10 بڑی فوجی مشقوں کا انعقاد کیا جن میں ہونے والی منصوبہ بندی کی قبل ازیں مثال نہیں ملتی جبکہ یہ تمام فوجی مشقیں انتہائی کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی ہیں۔ میجر جنرل محمد حسین باقری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں کے انعقاد کے سبب خطے میں جاری دشمن کی شیطان صفت شرارتیں دم توڑ چکی ہیں اور اب وہ ذلت و خواری کے عالم میں خطے سے نکل جانے پر مجبور ہو چکا ہے۔

میجر جنرل باقری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ رہبر انقلاب اسلامی کی قیادت میں ہمیں ان شاء اللہ عائد پابندیوں میں کمی کے ساتھ ساتھ دشمن کی عقب نشینی بھی دیکھنے کو ملے گی، کہا کہ اپنی امنگوں کے دفاع میں ایرانی قوم حسب سابق شہیداء کے خون کی برکت سے اب بھی میدان میں سربلند اور سرفراز کھڑی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ آج امریکی کم از کم فائدے کے ساتھ جوہری معاہدے (JCPOA) میں پلٹنا چاہتے ہیں جبکہ یہ چیز ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کے متاثر کن اقتدار کی واضح علامت ہے۔

ایرانی آرمی چیف کی آیت اللہ نوری ہمدانی کے ساتھ ملاقات

دوسری طرف مرجع عالیقدر آیت اللہ شیخ نوری ہمدانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کی افواج کو مادی و معنوی دونوں قوتوں کا حامل قرار دیا اور کہا کہ ہماری افواج کا اصلی فرق اس معنوی خصوصیت کے باعث ہے جیسا کہ ہماری مسلح افواج جدید و پیشرفتہ اسلحے کے ساتھ ساتھ اخلاص اور توکل کی قوت سے بھی آراستہ ہیں۔ آیت اللہ نوری ہمدانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ "موت کا خوف" ایرانی مسلح افواج کی روز افزوں ترقی کے مقابلے میں دشمن کی ذلت کی اصلی وجہ ہے، کہا کہ ہماری افواج دینی تعلیمات کے سبب عاشقانہ انداز میں شہادت کا استقبال کرتی ہیں اور انہیں موت سے کوئی ڈر نہیں۔ مرجع عالیقدر نے متعدد احادیث و روایات کی جانب اشارہ کیا اور دین کو اسلامی معاشرے کا حقیقی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکام کو چاہئے کہ وہ ہمیشہ اس عوام کے قدردان رہیں جس نے دفاع مقدس اور اس کے بعد سے ہمیشہ اسلامی نظام حکومت کی کھل کر حمایت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 917620

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917620/دشمن-کی-سازشیں-دم-توڑ-چکی-ہیں-اور-ا-سے-ذلت-خواری-کیساتھ-خطہ-چھوڑنا-پڑ-رہا-ہے-میجر-جنرل-باقری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org