QR CodeQR Code

این اے 221 تھرپارکر، ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت کے ساتھ فتح

22 Feb 2021 02:32

پولنگ کے دوران کیسراڑ سماں میں پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد نے پولنگ کے سامان کو آگ لگادی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جہاں سے پی ٹی آئی کے امان اللہ سموں سمیت 5 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ تھرپارکر میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے نشست جیت لی، تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر 1 پر ضمنی انتخاب میں 12 امیدوار مدمقابل آئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار پیر امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے امیدوار نظام الدين راہموں کے درمیان مقابلہ ہوا، تاہم پی پی کے امیدوار نے اپنے حریف پر واضح برتری حاصل کی۔ حلقے کے تمام 318 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار امیر علی شاہ نے ایک لاکھ  3 ہزار 496 ووٹ لے کر بھاری اکثریت کے ساتھ فتح حاصل کرلی۔ تحریک انصاف کے امیدوار نظام الدین راہموں 50 ہزار 553 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

پولنگ کے دوران کیسراڑ سماں میں پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد نے پولنگ کے سامان کو آگ لگادی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جہاں سے پی ٹی آئی کے امان اللہ سموں سمیت 5 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 221 سے پیپلز پارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی کامیاب ہوئے تھے تاہم چند ماہ قبل یہ نشست ان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے، حلقے بھر میں 318 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جن میں سے 95 کو انتہائی حساس جب کہ 130 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ پولنگ کا عمل غیر جانب دارانہ اور شفاف بنانے کے لیے 4 ہزار پولیس اہل کار اور ایک ہزار رینجرز کے جوان سکیورٹی پر تعینات ہیں۔


خبر کا کوڈ: 917641

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917641/این-اے-221-تھرپارکر-ضمنی-انتخاب-میں-پیپلز-پارٹی-کی-بھاری-اکثریت-کے-ساتھ-فتح

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org