QR CodeQR Code

خاتون جنت کی ذات مبارکہ زندگی کے تمام پہلوؤں میں ہمارے لیے رول ماڈل ہے، علامہ ناصر عباس

22 Feb 2021 05:00

خاتون جنت کانفرنس سے خطاب میں سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ مضبوط اور باعظمت معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی طرز زندگی کو ڈھالیں۔ خاندان رسالت کی حقیقی اطاعت سے پاکدامنی، عفت، ایثار، طہارت، عشق خدا، بندگی اور قران سے اُنس حاصل ہوگا۔ زندگی میں سکون اور ذہنی و جسمانی تناؤ سے آزادی کا واحد اور بہترین نسخہ محمد و آل محمد کی اطاعت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جماعت اہل حرم کے زیراہتمام "خاتون جنت کانفرنس" سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین مفتی گلزار نعیمی کو پروگرام کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاندان رسالت وہ عظیم اور بےمثال گھرانہ ہے، جس کی اطاعت میں دنیا و آخرت کی سرخروئی ہے۔ انسانیت کا معیار عقل ہے۔ عقل طبعی میلان سے دوری اور رب کائنات کی قربت کے حصول پر زور دیتی ہے اور جو کوئی خدا کی رضا کا متمنی ہے، اسے خاتون جنت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو راضی رکھنا ہوگا۔ یہ وہ ہستی ہیں، جو خالق دوجہاں کی رضا کا منشا اور خیر کثیر ہیں۔ خاتون جنت کی ذات مبارکہ زندگی کے تمام پہلوؤں میں ہمارے لیے رول ماڈل ہے۔ دور حاضر میں یورپی معاشرے کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے خاندان کا وجود تباہ ہو رہا ہے۔

ثقافتی یلغار، غیر ملکی لٹریچر، یورپین لائف سٹائل اور ڈراموں کے ذریعے رشتوں کا تقدس غیر محسوس طریقے سے ختم کیا جا رہا ہے۔ حیا و پاکدامنی کی تنزلی ہمارے سماجی ڈھانچے کو تباہی کے دہانے کی طرف لے جا رہی ہے۔ خاندان کسی بھی معاشرے کی اکائی ہوتے ہیں۔ جب خاندان کا وجود اپنی عفت و وقار کھونے لگتا ہے تو معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہو جاتا ہے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ مضبوط اور باعظمت معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے کہ خاتون جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے اسوہ حسنہ کے مطابق اپنی طرز زندگی کو ڈھالیں۔ خاندان رسالت کی حقیقی اطاعت سے پاکدامنی، عفت، ایثار، طہارت، عشق خدا، بندگی اور قران سے اُنس حاصل ہوگا۔ زندگی میں سکون اور ذہنی و جسمانی تناؤ سے آزادی کا واحد اور بہترین نسخہ محمد و آل محمد کی اطاعت ہے۔

کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ جناب سیدہ سلام اللہ علیہا حجت خدا ہیں، جو عصمت کبریٰ کی منزل پر فائز ہیں، وہ معصومہ و ہادیہ ہیں، جن پر اللہ کا انعام ہوا۔ ان کی پاکیزہ آغوش میں تاریخ بشریت کی ان عظیم ہستیوں نے پرورش پائی، جنہوں نے استکباری قوتوں کے ناپاک ارادوں کو پاش پاش کرکے دین اسلام کو سربلند کیا۔ ایک انقلابی ماں نے اپنی اولاد کو شجاعت، استقامت اور شرافت ورثے میں عطا کی۔


خبر کا کوڈ: 917656

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917656/خاتون-جنت-کی-ذات-مبارکہ-زندگی-کے-تمام-پہلوؤں-میں-ہمارے-لیے-رول-ماڈل-ہے-علامہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org