0
Monday 22 Feb 2021 10:15

مسلح افراد نے اغوا کرکے ووٹوں والا تھیلا چھین لیا تھا، لیاقت علی بھٹہ

مسلح افراد نے اغوا کرکے ووٹوں والا تھیلا چھین لیا تھا، لیاقت علی بھٹہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں پکڑے گئے پریزائیڈنگ افسر کے ویڈیو بیان سے نیا پنڈورا باکس کھل گیا۔ پریزائیڈنگ افسر کے وضاحتی بیان میں پس پردہ اسکرپٹ بتاتی آواز نے معاملہ مزید مشکوک بنا دیا اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر کو لقمے ملتے رہے کہ کیا کہنا ہے۔ مبینہ طور پر ووٹوں کا تھیلا لے کر فرار کے دوران پکڑے گئے پریزائیڈنگ افسر نے اپنا نام لیاقت علی بھٹہ بتایا ہے۔ ویڈیو بیان میں لیاقت علی بھٹہ نے خود کو وزیرآباد کے ایک پولنگ اسٹیشن کا پریزائیڈنگ افسر بتایا اور کہا کہ کچھ لوگ دن بھر ان پر مدد کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔
 
لیاقت علی بھٹہ نے دھاندلی کا الزام رد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مسلح افراد نے اغوا کرکے تھیلا چھین لیا تھا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں، سڑکوں پر گھمایا گیا اور اب بھی ان کی جان کو خطرہ ہے۔ لیاقت علی بھٹہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم سے مدد کی اپیل کی۔ خیال رہے کہ 19 فروری کے ضمنی انتخاب کے دوران ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں پریزائیڈنگ افسر کو کچھ لوگوں نے ووٹوں کا تھیلا لے کر فرار ہونے کے الزام میں پکڑ لیا تھا، لوگ پوچھتے رہے کہ وہ ووٹوں سے بھرا بیگ لے کر کہاں جا رہے ہیں لیکن وہ خاموش رہے۔
خبر کا کوڈ : 917670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش