QR CodeQR Code

گورنر سندھ کی وزیراعظم سے آئی جی سندھ تبدیل کرنے کی درخواست

22 Feb 2021 17:48

پریس کانفرس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ پولیس افسران کو وارننگ دیتا ہوں کسی کو خوش کرنے کیلئے کام نہ کریں، وہ حق و انصاف سے فرائض انجام دیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو وفاق اپنی رٹ کو استعمال کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر اعظم سے آئی جی سندھ تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران اسماعیل نے کہا کہ آج مجھے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کا دور یاد آرہا ہے، جس طرح وہ غنڈوں کے ذریعے شہر کو کنٹرول کرتے تھے، وہی اب سندھ پولیس کر رہی ہے، چند روز سے کراچی میں ایک عجیب تماشا جاری ہے، ہر ضمنی الیکشن کے بعد حلقے کے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے جاتے ہیں، سندھ میں پولیس کے ذریعے غنڈہ کرائی جا رہی ہے، پولیس عدالت کا حکم ماننے کیلئے تیار نہیں، تحریک انصاف کے قید کارکنوں کے گھروں میں گھس کر برا سلوک کیا گیا، ہمارے لوگوں کے گھروں میں جا کر چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے، کیا سندھ میں الیکشن میں حصہ لینا جرم ہے، کہہ دیں کہ سندھ میں کوئی الیکشن میں حصہ نہ لے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ایس ایس پی اپنے ٹرانسفر سے ڈرتے ہیں، پولیس افسران کو وارننگ دیتا ہوں کسی کو خوش کرنے کیلئے کام نہ کریں، وہ حق و انصاف سے فرائض انجام دیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو وفاق اپنی رٹ کو استعمال کرے گا، چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ وفاق کے نمائندے ہوتے ہیں، وہ صوبے اور وفاق کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر کریں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام نظر آتے ہیں، وہ سیاسی وابستگی رکھتے ہیں، میں نے وزیراعظم کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے، ان سے آئی جی کو تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے، اب پانی سر سے گزر چکا ہے، مجبور نہ کریں کہ انتہائی قدم اُٹھایا جائے، ہم پولیس کے تمام معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں، سندھ میں گورنر راج کا وفاق کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ حق و انصاف کی حکمرانی ہو، ہمارا انتہائی قدم آئی جی پولیس کو ہٹانا ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 917750

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917750/گورنر-سندھ-کی-وزیراعظم-سے-آئی-جی-تبدیل-کرنے-درخواست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org