QR CodeQR Code

کچھ عناصر کی طرف سے نئے وفاق المدارس کی تشکیل پر اعتراض بلاجواز اور افسوسناک ہے، محفوظ مشہدی

22 Feb 2021 18:45

جے یو پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ نئی رجسٹریشن سے جمہوری طریقے کیساتھ نئے وفاق المدارس کو چلایا جائے گا، دینی مدارس کے طلبہ کو بھی سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا جائے۔ دینی مدارس کے طلبہ کو سی ایس ایس اور پی سی ایس کے مقابلے کے امتحانات میں بھی مواقع ملنے چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ کچھ عناصر کی طرف سے نئے وفاق المدارس کی تشکیل پر اعتراض بلا جواز اور افسوسناک ہے، تنظیمات مدارس پر قائم عرصہ دراز سے اجارہ داری کے خاتمے پر مفاد پرست عناصر خوفزدہ ہیں۔ ہم مدارس کے نام پر سیاست کے حق میں نہیں ہیں، آبادی میں اضافے کے باعث جس طرح نئی یونیورسٹیاں قائم ہوتی ہیں، اسی طرح نئے مدرسہ بورڈز کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے تو اس پر اعتراض کیوں؟ انہوں نے کہا کہ مفتی منیب الرحمن ایک عرصے سے غیر آئینی طور پر تنظیم المدارس اہل سنت کی صدارت کے عہدے پر براجمان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم المدارس اہلسنت کے آئینی دستوری ادارے تشکیل دئیے گئے اور نہ ہی انتخابات کروائے گئے، نئے وفاق المدارس بنا کر احسن اقدام کیا گیا ہے، اس سے معیار تعلیم بلند ہوگا اور ارتکاذ اختیارات کا خاتمہ بھی۔ نئے مدرسہ بورڈز سے تمام مدارس مستفید ہوں گے، شفاف امتحانی نظام پر توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی رجسٹریشن سے جمہوری طریقے کیساتھ نئے وفاق المدارس کو چلایا جائے گا۔ پیر محفوظ مشہدی نے مطالبہ کیا کہ دینی مدارس کے طلبہ کو بھی سرکاری ملازمتوں میں حصہ دیا جائے۔ دینی مدارس کے طلبہ کو سی ایس ایس اور پی سی ایس کے مقابلے کے امتحانات میں بھی مواقع ملنے چاہئیں۔


خبر کا کوڈ: 917767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917767/کچھ-عناصر-کی-طرف-سے-نئے-وفاق-المدارس-تشکیل-پر-اعتراض-بلاجواز-اور-افسوسناک-ہے-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org