QR CodeQR Code

پاکستان پر اگر سب سے زیادہ حق کسی کا ہے تو وہ بلوچوں کا ہے، پرنس آف قلات

22 Feb 2021 18:43

ملتان میں اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے پرنس احمد عمرزئی نے کہا کہ یہ ملک فوج کی وجہ سے چل رہا ہے اس لئے ہمیں پاک فوج کو مضبوط کرنا چاہیئے، مجھے خوشی ہے آج میں بلوچوں کے درمیان ہوں آپ بلوچستان کہ طرف دیکھیں گے تو بلوچستان بھی آپ کی طرف دیکھے گا، بلوچستان کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی مایوسی ہے اس لئے ہم اسکواش کو یہاں لے آئے۔ 


اسلام ٹائمز۔ پرنس آف قلات و چیئرمین بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش لیگ پرنس عمر احمد زئی نے کہا ہے کہ پاکستان پر سب سے زیادہ حق بلوچوں کا ہے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ رابطوں کو فروغ دے کر ملک اور پاک فوج کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اسکواش کے ذریعے ملک کا رائٹ امیج دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں، سرائیکی صوبہ یہاں کے لوگوں کا حق ہے ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں جتنا ہوسکا ہم بھی خطے کے لوگوں کی آواز اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچ اتحاد کونسل کے زیراہتمام نجی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرنس عمر احمد زئی نے کہا کہ ہمارے دادا خان آف قلات میر احمد یار خان کے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ قریبی تعلقات تھے۔ انہوں نے قائداعظم کی تحریک کے لئے 90 پاونڈ سونا عطیہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر اگر سب سے زیادہ حق کسی کا ہے تو وہ بلوچوں کا ہے، ہماری آبادی زیادہ ہے لیکن ہم تقسیم ہیں، ہمیں صرف ایک دوسرے ساتھ رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں یہ ملک فوج کی وجہ سے چل رہا ہے، اس لئے ہمیں پاک فوج کو مضبوط کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا مجھے خوشی ہے آج میں بلوچوں کے درمیان ہوں آپ بلوچستان کہ طرف دیکھیں گے تو بلوچستان بھی آپ کی طرف دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی مایوسی ہے، اس لئے ہم اسکواش کو یہاں لے آئے انٹر نیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا انعقاد کرایا اور اس کا نام بھی سدرن پنجاب انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ رکھا۔ اسکواش کے ذریعے ہم پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھائیں گے۔ چیئرمین بلوچ اتحاد کونسل عرفان خان رند نے خطاب کرتے ہوئے پرنس آف قلات آغا عمر احمدزئی کو ویلکم کیا اور کہا ہم نے بلوچوں کے درمیان کے کوئی فرق نہیں رکھا تمام قبائل کو موتیوں کی طرح ایک تسبیح میں پرو دیا ہے، تمام بلوچ ایک دوسرے کے ساتھ محبت سے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا خان آف قلات کی ملک کے لئے خدمات قابل قدر ہیں اس خطے کے بلوچ بھی ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں جب بھی اس ملک اور افواج پاکستان کو ہماری ضرورت پڑی ہم کسی سے بھی پیچھے نہیں رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 917770

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917770/پاکستان-پر-اگر-سب-سے-زیادہ-حق-کسی-کا-ہے-وہ-بلوچوں-پرنس-آف-قلات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org