QR CodeQR Code

آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلام مغرب کے جاسوس عوام پر مسلط ہیں، سراج الحق

22 Feb 2021 19:16

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کسان اور خون پسینے کی کمائی کرنیوالا شہری آئی ایم ایف کا غلام بن چکا ہے، ڈھائی کروڑ بچے جو ملک کا مستقبل ہیں وہ مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، شہزادوں اور شہزادیوں کی وجہ سے چھوٹے بچے کام کرنے پر مجبور ہیں، ملک میں میرٹ کا خاتمہ ہو گیا ہے، تعلیم کے باوجود بیروزگاری ہے، جو ملک خود گندم اور اجناس پیدا کرتا ہے وہاں دس گرام روٹی کی قیمت دس روپے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں تربیتی اجتماع کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا انگریز کے جانے سے آج تک ایک ہی طرح کے لوگ عوام پر مسلط ہیں، ملک کے شہزادے اور شہزادیاں آپس میں مصنوعی مقابلے کر رہے ہیں، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلام مغرب کے جاسوس عوام پر مسلط ہیں، جنہیں ایوانوں کے بجائے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ڈال کر جیلوں میں ڈالنے کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کہتے ہیں ضمنی الیکشن ڈسکہ میں دھند سے لوگ غائب ہوگئے، ملک میں 71 سالوں سے کوئی منصفانہ الیکشن نہیں ہوا، پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلز پارٹی دھند کی وجہ سے کامیاب ہوتی رہیں، 37 سال جرنیلوں نے ایوب اور مشرف کی شکل میں حکومت کی باقی عرصہ بھی ان کی مرضی سے نظام چلتا رہا اور سیاسی پارٹیاں بنائی گئیں، تمام سیاسی قیادت کو الیکشن اصلاحات کیلئے بیٹھنا ہوگا ورنہ جنرل الیکشن میں بہت مسائل ہوں گے۔

 
انہوں نے کہا کہ کسان اور خون پسینے کی کمائی کرنیوالا شہری آئی ایم ایف کا غلام بن چکا ہے، ڈھائی کروڑ بچے جو ملک کا مستقبل ہیں وہ مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، شہزادوں اور شہزادیوں کی وجہ سے چھوٹے بچے کام کرنے پر مجبور ہیں، ملک میں میرٹ کا خاتمہ ہو گیا ہے، تعلیم کے باوجود بیروزگاری ہے، جو ملک خود گندم اور اجناس پیدا کرتا ہے وہاں دس گرام روٹی کی قیمت دس روپے ہے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا حکمرانوں میں صلاحیت نہیں وگرنہ ہزار دنوں میں کچھ بہتر کر دیتے، آئی جی اور چیف سیکرٹری کی نہیں حکومت کی تبدیلی ہی اصل تبدیلی ہوگی، اس حکومت میں پرانے ٹریکٹر کے پرزے ہیں جو انقلابی و اسلامی نظام کیلئے ٹھیک نہیں، اس کیلئے انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے، سرمایہ دار دولت پر اژدھا بن کر بیٹھ جائے، ذمہ داری خاتون پر ڈال دیں تو ایسے حالت میں مرد کیلئے موت بہتر ہے، آنیوالا وقت ملک میں اسلامی نظام کا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 917773

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917773/آئی-ایم-ایف-اور-ورلڈ-بینک-کے-غلام-مغرب-جاسوس-عوام-پر-مسلط-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org