QR CodeQR Code

ملکی سلامتی ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، قاری زوار بہادر

22 Feb 2021 19:32

جے یو پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے کئے گئے کسی وعدے پر پورا نہیں اتری، وزیراعظم عمران خان پہلے اپنی ٹیم میں شامل آٹا اور چینی چوروں کو پکڑیں اور مہنگائی کو کنٹرول کریں، زبانی دعوؤں سے ملک کو ریاست مدینہ کا ماڈل نہیں بنایا جا سکتا، غریب عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان وسطی پنجاب کا اجلاس مولانا حافظ نصیر احمد نورانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جے یو پی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر جاوید اعوان، علامہ قاری محمد زوار بہادر، علامہ ابو اظہر حسین فاروقی، مفتی تصدق حسین، محمد ارشد مہر، مرزا تجمل حسین، حافظ محمد سلیم اعوان، رشید احمد رضوی، مفتی محمد جمیل رضوی، احفاظ الکریم برکی، حاجی عبدالرشید، علامہ غلام مصطفٰی سلطانی، حاجی مولانا شوکت علی، سید امداد حسین، قاری لیاقت علی رضوی، ملک ذاکر اعوان، مفتی محمد اشرف قادری، مولانا محمد نعیم جاوید نوری، محمد بلال برکی ایڈووکیٹ، مولانا زوار حسین مہروی، پروفیسر عابد رفیق، مولانا یاسین قصوری، مولانا مستنصر نورانی، مولانا محمد فیضان اور دیگر ارکان شوریٰ نے شرکت کی۔

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، سات دہائیوں قبل ہمارے اسلاف نے اس کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور پاکستان کا حصول ممکن بنایا، ہم انہی شہداء، غازیوں اور بزرگوں کی اولاد ہیں جو ملک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے کئے گئے کسی وعدے پر پورا نہیں اتری، وزیراعظم عمران خان پہلے اپنی ٹیم میں شامل آٹا اور چینی چوروں کو پکڑیں اور مہنگائی کو کنٹرول کریں، زبانی دعوؤں سے ملک کو ریاست مدینہ کا ماڈل نہیں بنایا جا سکتا، غریب عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور حکمران آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کو سمجھداری اور سنجیدگی سے کام لینے کی ضرورت ہے، ان کا بیانیہ اپنے ملک کو کمزور اور دشمن کو فائدہ پہنچا رہا ہے۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کی حالت پر اُمت مسلمہ کا ہر فرد خون کے آنسو رو رہا ہے، لاکھوں کشمیری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کا شکار اور گزشتہ 22 ماہ سے کرفیو میں ہیں، اشیائے خورد و نوش کی کمی کے باعث بچے، بوڑھے اور خواتین موت کا شکار ہو رہے ہیں، ہماری مسلمان بہنوں، بیٹیوں کی عزت کو تار تار کیا جا رہا ہے مگر بے غیرت مسلم حکمران بے حسی کی تصویر بنے یہ سب تماشہ خاموشی سے دیکھ رہے ہیں۔ جمعیت علماء پاکستان پنجاب کی شورٰی میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ مارچ میں جے یو پی کے یوم تاسیس کے موقع پر پورے صوبے میں نظام مصطفٰی کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور مہنگائی کیخلاف مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ مسجد وزیر خان کی بے حرمتی کرنے پر وفاقی وزیر فواد چودھری کو برطرف کیا جائے۔ اجلاس میں تاریخی مسجد شہید گنج کی فوری بحالی اور 400 سال پرانی مسجد شاہ کاکو کو بند کرنے کی مذمت اور مسجد کو نمازیوں کیلئے فوری کھولنے کا مطالبہ کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 917774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917774/ملکی-سلامتی-ہمیں-اپنی-جانوں-سے-زیادہ-عزیز-ہے-قاری-زوار-بہادر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org