QR CodeQR Code

عمران خان ڈسکہ کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخاب کے خواہاں

23 Feb 2021 08:29

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ آزادانہ و شفاف انتخابات کے لیے جدوجہد کی ہے اور ہم ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی تقویت کے لیے کوشاں رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے علاقے ڈسکہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 پر ہوئے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے الزمات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سے 20 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کی درخواست دینے کا کہا ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ آزادانہ و شفاف انتخابات کے لیے جدوجہد کی ہے اور ہم ہمیشہ آزادانہ اور شفاف انتخابی عمل کی تقویت کے لیے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے دیگر جماعتوں میں اس حوالے سے سنجیدگی کا فقدان ہے۔ وزیراعظم نے یاددہانی کرواتے ہوئے کہا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد جب ہم نے 4 حلقے کھلوانا چاہے تو اس کے لیے ہمیں 2 برس کی طویل اور صبر آزما جدوجہد سے گزرنا پڑا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگرچہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کے اعلان سے قبل اس کی کوئی قانونی حاجت نہیں مگر اس کے باوجود میں تحریک انصاف کےامیدوار سے گزارش کروں گا کہ وہ این اے 75 ڈسکہ کے ان 20 پولنگ اسٹیشنز جن پر حزب اختلاف واویلا کر رہی ہے، میں دوبارہ پولنگ کا کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا اس لیے کہ ہم وہی شفافیت چاہتے ہیں جس کے حصول کے لیے ہم سینٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کا تقاضا کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 75 (سیالکوٹ 4) میں ضمنی انتخاب میں نتائج میں غیرضروری تاخیر اور عملے کے لاپتا ہونے پر 20 پولنگ اسٹیشن کے نتائج میں ردو بدل کے خدشے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے متعلقہ افسران کو غیرحتمی نتیجہ کے اعلان سے روک دیا تھا۔ الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ این اے 75 سیالکوٹ کے نتائج غیرضروری تاخیر سے موصول ہوئے اور اس دوران متعدد مرتبہ پریزائڈنگ افسران سے رابطے کی کوشش بھی کی گئی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔


خبر کا کوڈ: 917848

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917848/عمران-خان-ڈسکہ-کے-20-پولنگ-اسٹیشنز-پر-دوبارہ-انتخاب-خواہاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org