0
Tuesday 23 Feb 2021 10:16

برطانیہ، لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان

برطانیہ، لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان
 اسلام ٹائمز۔ برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا اعلان کردیا ہے۔ لاک ڈاؤن کا نفاذ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے کیا گیا تھا۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ 21 جون 2021 تک لاک ڈاؤن کی وجہ سے عائد تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔
 
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا خاتمہ چار مراحل میں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک مرحلے سے دوسرے مرحلے تک کا سفر پانچ ہفتوں میں طے کیا جائے گا۔ برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ پہلا مرحلہ دوحصوں پرمشتمل ہوگا۔ انہوں ںے بتایا کہ 8 مارچ سے تمام اسکول کھل جائیں گے اور آؤٹ ڈورکھیلوں کی بھی اجازت دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض اسکول ٹیسٹ کے انتظامات کے لیے کچھ تاخیر سے کھل سکتے ہیں۔
 
وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ 8 مارچ سے عوامی مقامات میں دو افراد مل کرپکنک کرسکیں گے اور 29 مارچ سے دو گھرانوں کے 6 افراد کو گھر سے باہر اور باغات میں بھی ملاقات کرنے کی اجازت دے دی جائے گا۔  برطانوی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 29 مارچ سے ٹینس، باسکٹ بال، گالف کورس اور فٹ بال گراؤنڈ بھی کھول دیے جائیں گے۔
 
وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ 12 اپریل سے دیگر دکانیں، ہیئر ڈریسرز، جم اور آؤٹ ڈور مہمان نوازی کا شعبہ بھی کھل جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 مئی سے پب، ریسٹورنٹس اور سنیما ہال بھی کھول دیے جائیں گے۔ بورس جانسن نے کہا کہ مرحلہ وارپابندیوں کو ختم کرنے سے قبل چار شرائط کو پورا کرنا لازمی ہوگا۔ ان شرائط میں ویکسین پروگرام، اموات میں کمی، انفیکشن کی شرح اور نئے وائرس کی صورتحال شامل ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ویلز،اسکاٹ لینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں لاک ڈاؤن سے متعلق مختلف حکمت عملی اختیار کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 917859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش