QR CodeQR Code

عمران خان دو روزہ دورے پر سری لنکا روانہ

23 Feb 2021 13:02

خبر ایجنسی کے مطابق بھارت نے عمران خان کے جہاز کو سری لنکا کے پہلے سرکاری دورے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان دورہ سری لنکا کیلئے بھارت کی  فضائی حدود استعمال کریں گے۔ بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت نے عمران خان کے جہاز کو سری لنکا کے پہلے سرکاری دورے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان سری لنکا کے وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے کی دعوت پر دورہ سری لنکا کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِاعظم عمران خان کا سری لنکا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری ہیں۔

واضح رہے کہ 2019ء میں بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف پاکستان نے بھارت کے صدر رام ناتھ کووند کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔ صدر رام ناتھ کووند  فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آئس لینڈ جانا چاہتے تھے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے بھارت کے صدر کے لیے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ شاہ محمود قریشی کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت کے صدر نے پاکستان سے ایئر اسپیس استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم نئی دہلی کے رویے کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 917890

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917890/عمران-خان-دو-روزہ-دورے-پر-سری-لنکا-روانہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org