QR CodeQR Code

سیکولر عناصر کی اسلام مخالف سازشیں بھی انتہاء پسندی ہیں، اکرم رضوی

23 Feb 2021 18:01

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں متحدہ طلبہ محاذ کے ترجمان اور اے ٹی آئی کے مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ مسجد وزیر کا تقدس پامال کرنے اور اسلامی اقدار کا مذاق اُڑانے پر فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج کرکے وزارت سے ہٹایا جائے، پنجاب کے حکمرانوں کو شہیر سیالوی پر قائم کیا گیا جھوٹا مقدمہ بہت مہنگا پڑیگا، ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو احتجاج کی کال دینگے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ طلبہ محاذ کے ترجمان محمد اکرم رضوی نے کہا کہ فواد چودھری کے ایماء پر شہیر سیالوی پر مقدمہ اور گرفتاری پنجاب حکومت کا شرمناک فعل ہے، مسجد وزیر خاں کا تقدس پامال کرنے اور اسلامی اقدار کا مذاق اُڑانے پر فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج کرکے وزارت سے ہٹایا جائے، شہیر سیالوی کیخلاف درج کی گئی ایف آئی آر فی الفور ختم کی جائے، پنجاب حکومت کی پولیس کے ذریعے انتقامی کارروائیاں قابل مذمت ہیں، ہماری زندگیاں ناموس مصطفےٰ (ص) کی امانت ہیں، اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کرنا اعزاز ہے، مقدمات اور گرفتاریوں سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ حکومت شہیر سیالوی کو تنہاء نہ سمجھے کیونکہ ملک بھر کی طلبہ اور یوتھ برادری اُن کیساتھ ہے، اوچھے ہتھکنڈوں، مقدمات اور گرفتاریوں سے ہم ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں، پنجاب کے حکمرانوں کو شہیر سیالوی پر قائم کیا گیا جھوٹا مقدمہ بہت مہنگا پڑے گا، ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو احتجاج کی کال دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اکرم رضوی نے کہا حکومت شہیر سیالوی پر مقدمات قائم کرکے حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے، جھوٹے مقدمات کا سارا حساب لیں گے، دینی قوتوں کو اپاہج بنانے کیلئے یہودی اور قادیانی سرمایہ استعمال ہو رہا ہے، ہم خیر خواہی کے جذبے سے حکومت کو خبردار کر رہے ہیں کہ مداخلت فی الدین سے باز رہے، پاکستان سے اسلام کو دیس نکالا دینے کی ہر کوشش کی مزاحمت کریں گے، عالمی طاقتوں کے مذموم ایجنڈے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کی غیر شرعی حرکات کیخلاف احتجاج ہمارا جمہوری، آئینی اور ایمانی حق ہے، ریاستی طاقت ناموس رسالت (ص) کی پاسبانی سے نہیں ہوسکتی، ہمارے جذبے چٹان سے بھی زیادہ مضبوط ہیں، حکومت گرفتار مظاہرین کو فوری رہا کرے، سیکولر لابی کی اسلام دشمن سازشوں کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفاظت دین کیلئے قربانیاں دینے کا وقت آگیا ہے، دینی طبقات دین بیزار عناصر کے مقابلہ کیلئے متحد ہو کر جامع منصوبہ بندی تیار کریں، حکومتی صفوں اور سرکاری اداروں کو قادیانیت نواز عناصر سے پاک کیا جائے، حکومت نے اسلامی اقدار جیسے اہم ایمانی مسئلے پر سنجیدگی نہ دکھائی تو ملک گیر بڑی تحریک شروع ہوسکتی ہے، مداخلت فی الدین پر خاموش رہنا جرم ہے، سیکولر عناصر کی اسلام مخالف سازشیں بھی انتہاء پسندی ہیں، لبرل فاشسٹ اسلام کو دیس نکالا دینے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ اکرم رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام دشمن عالمی قوتیں مسلمانوں کے جذبہ عشق رسول سے خائف ہیں، پاک سرزمین پر دین اور ایمان کی آواز دبائی اور مٹائی نہیں جا سکتی، عشق رسول ہمارا سرمایہ حیات ہے، ملک میں سیکولر ازم لانے کی عالمی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی قوتوں کو بدنام اور بے وقعت کرنے کی گریٹ گیم کا راستہ روکیں گے، حفاظتِ دین کا فریضہ پورا کرنے کیلئے قربانیاں دیں گے، مسلمانوں کے حکمران خاندانوں میں یہودی لابی گھس چکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 917942

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917942/سیکولر-عناصر-کی-اسلام-مخالف-سازشیں-بھی-انتہاء-پسندی-ہیں-اکرم-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org