0
Monday 22 Feb 2021 21:49

جنرل سلیمانی کی شہادت سے متعلق ایرانی انتقام کا خطرہ ہنوز لاحق ہے، جنرل میکنزی

جنرل سلیمانی کی شہادت سے متعلق ایرانی انتقام کا خطرہ ہنوز لاحق ہے، جنرل میکنزی
اسلام ٹائمز۔ مغربی ایشیاء کے لئے امریکی کمانڈ سنٹر "سینٹکام" کے کمانڈر جنرل میکنزی (.Kenneth Franklin "Frank" McKenzie Jr) نے عمان کے دورے کے دوران فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو دیا ہے۔ فرانسیسی ای میگزین کے ساتھ اپنی گفتگو میں جنرل میکنزی نے ایران پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ تہران کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدام سے پرہیز کرے کیونکہ واشنگٹن اس وقت 2015ء کے جوہری معاہدے (JCPOA) کو بچانے کے لئے کوشاں ہے۔ امریکی جنرل نے عراقی سرزمین پر ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی امریکی کارروائی میں شہید ہونے والے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے انتقام سے متعلق اپنا خوف ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ ان (ایرانیوں) کی جانب سے (انتقام پر مبنی) اس کارروائی کو عملی اقدام کے طور پر تاحال مدنظر رکھا گیا ہو تاہم میں ایک بوڑھا جنرل ہوں اور میں بہت سے مقامات پر خطرات سے دوچار ہو چکا ہوں۔

جنرل میکنزی نے جوہری معاہدے سے متعلق یورپی و امریکی بدعہدی اور ایران پر عائد یکطرفہ امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کئے بغیر کہا کہ میرا خیال ہے کہ وہ (ایران) خطے کے ایک ذمہ دار اور مستحکم رکن کے طور پر اپنی شناخت کو پسند کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ کا دعوی ہے کہ فلسطین، عراق، لبنان اور یمن کی حماس، حشد الشعبی، حزب اللہ اور انصاراللہ جیسی اُن عوامی مزاحمتی تنظیموں کو ایران کی مالیاتی و اسلحہ جاتی مدد حاصل ہے جن کے برسراقتدار آ جانے کے بعد خطے میں امریکی مفاد داؤ پر لگ گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ امریکہ کی جانب سے خطے کی اکثر عوامی مزاحمتی تحریکوں کو "دہشتگرد" قرار دیا جا چکا ہے۔ دوسری طرف ایران کا کہنا ہے کہ خطے کی عوامی مزاحمتی تنظیمیں نہ صرف دہشتگرد نہیں بلکہ اپنے بنیادی و قومی حقوق کے حصول کے لئے کوشاں اور ایران کی ہمسایہ و برادر عوام پر مشتمل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 917952
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش