0
Tuesday 23 Feb 2021 20:10

این اے 75 میں پریزائیڈنگ آفیسرز نے نتائج میں ممکنہ ردوبدل کیا، دوبارہ الیکشن کی سفارش

این اے 75 میں پریزائیڈنگ آفیسرز نے نتائج میں ممکنہ ردوبدل کیا، دوبارہ الیکشن کی سفارش
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ضمنی الیکشن سے متعلق ریٹرننگ آفیسر نے رپورٹ الیکشن کمیشن میں پیش کر دی۔ رپورٹ کے مطابق 23 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں تاخیر پر مسلم لیگ نون کی امیدوار نوشین افتخار نے درخواست دی اور ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو حتمی نتائج میں شامل نہ کرنے کی استدعا کی۔ ریٹرننگ آفیسر نے نوشین افتخار سے کہا کہ ان 23 پولنگ اسٹیشنز پر نون لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو پریزائیڈنگ آفیسرز کی طرف سے دیے گئے فارم 45  فراہم کیے جائیں۔ نون لیگی امیدوار نے 18 پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 بھجوائے۔ فارم 45 کا تفصیلی جائزہ لینے پر نون لیگی امیدوار کے خدشات کی تصدیق ہوئی تاہم پی ٹی آئی امیدوار نے پریزائیڈنگ آفیسرز کے فارم 45 پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر کی ہدایات پر 20 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ آفیسرز کو تحقیقات کیلئے بلایا گیا تو 13 گمشدہ پریزائیڈنگ آفیسرز میں سے 08 نے اگلے روز پیش ہوکر بیان ریکارڈ کرایا کہ رات ساڑھے دس بجے تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوا اور دھند کے باعث ان کو پہنچنے میں تاخیر ہوئی، جبکہ موبائل فون کی بیٹری ختم ہونے کے باعث وہ کئی گھنٹے سے رابطہ نہیں کر سکے۔ رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے دوران پریزائیڈنگ آفیسرز خوفزدہ اور پریشان تھے، بادی النظر میں 14 پولنگ اسٹیشنز پر پریزائیڈنگ آفیسرز نے نتائج میں ردوبدل کیا، لہذا شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن این اے 75 کے 14 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کرائے اور تب تک الیکشن کمیشن این اے 75 کے نتائج کا اعلان نہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 917973
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش