QR CodeQR Code

ریاست مدینہ ہم بنائیں گے، طلبہ جدوجہد کریں، سراج الحق

طلبہ اسلاموفوبیا کلچر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں، امیر جماعت اسلامی کی گفتگو

23 Feb 2021 20:27

جمعیت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ مغربی طاقتوں کے ایجنٹ قومی زبان کی ترویج و ترقی کیلئے کام کرنے سے گریزاں ہیں، عربی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ 1970ء سے لیکر اب تک ہونیوالے نو انتخابات میں جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے تمام ہتھکنڈے استعمال کیے اور قوم کو وعدوں اور نعروں سے بے وقوف بنایا، الیکشن میں پیسے اور طاقت کے زور پر سسٹم کو ہائی جیک کیا جاتا ہے، اس کلچر کو ختم ہونا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے دوسرے وعدوں کی طرح یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا، جماعت اسلامی ملک کو سیکولرائز کرنے کی سازشوں کا بھر پور مقابلہ کرے گی، ریاست مدینہ ہم بنائیں گے، طلبہ جدوجہد کریں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 600 کے قریب خاندانوں کی حکومت ہے، جنہوں نے ملک کے وسائل پر قبضہ کرکے عوام کو بنیادی ضروریات سے محروم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سونے کے وسیع ذخائر، چار موسم، بہترین آبپاشی نظام ہونے کے باوجود لاکھوں افراد روٹی کے لقمے کیلئے ترس رہے ہیں، حکمران طبقہ نے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کی بجائے مسلسل کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونینز پر پابندی حکمرانوں کے آمرانہ ہتھکنڈوں کا ثبوت ہیں، طلبہ یونینز کی بحالی وقت کا تقاضا اور اسٹوڈنٹس کا جمہوری حق ہے، وزراء اور بیوروکریٹس کے بچوں اور بچیوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنا چاہیئے، تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ سرکاری سکولوں اور کالجوں کے کیا مسائل ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مغربی طاقتوں کے ایجنٹ قومی زبان کی ترویج و ترقی کیلئے کام کرنے سے گریزاں ہیں، عربی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ 1970ء سے لے کر اب تک ہونیوالے نو انتخابات میں جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے تمام ہتھکنڈے استعمال کیے اور قوم کو وعدوں اور نعروں سے بے وقوف بنایا، الیکشن میں پیسے اور طاقت کے زور پر سسٹم کو ہائی جیک کیا جاتا ہے، اس کلچر کو ختم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک قدرتی ذخائر کی دولت سے مالا مال ہے، پاکستان میں دنیا کے کل سونے کے ذخائر کا 2.6 فیصد ہے اور تانبے کے ذخائر کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے، صرف ریکوڈک کے ذخائر کی مالیت 500 ارب ڈالر کے قریب ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک کے لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار پھر رہے ہیں، پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو دھوکہ اور فریب میں رکھا، نوکریاں فراہم کرنے کی بجائے روزگار پر لگے لوگوں سے بھی روٹی کا نوالہ چھین لیا۔

امیر جماعت اسلامی  نے کہا کہ پی ٹی آئی نے یکم جنوری 2020ء سے پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ کیا تھا، جو تاحال پورا نہیں ہوا بلکہ مستقبل قریب میں اس کے پورا ہونے کے آثار بھی نظر نہیں آرہے۔ امیر جماعت نے اسلامی جمعیت طلبہ کے کردار کو سراہتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اسلامی روایات و تہذیب کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں، اسلامو فوبیا کلچر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے اور ماڈرن ٹیکنالوجی اور علوم سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلبہ و طالبات ملک کا مستقبل ہیں، انہیں جدوجہد اور محنت پر یقین رکھنا چاہیئے، پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ اسد علی، ناظم جنوبی پنجاب سعد سعید، ناظم پنجاب شمالی احسن بلال ہاشمی شامل تھے۔


خبر کا کوڈ: 917975

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917975/ریاست-مدینہ-ہم-بنائیں-گے-طلبہ-جدوجہد-کریں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org