QR CodeQR Code

دورے کی دعوت اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم مہندرا راجہ پکسے کا مشکور ہوں، عمران خان

23 Feb 2021 22:18

کولمبو میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندرا راجہ پکسے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب کرکٹ کیریئر شروع کر رہا تھا۔ کولمبو میں سری لنکا کے وزیراعظم مہندارا راجہ پکسے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سری لنکا دورے کی دعوت اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم مہندرا راجہ پکسے کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کا اہم جزو ہے، جو علاقائی روابط کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جاسکتے ہیں۔


عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، جنہیں مواقع میں بدلنا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 70 ہزار سے زائد جانیں دیں۔ پاکستان اور سری لنکا مل کر تجارتی ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا سے غریب ملک بہت متاثر ہوئے۔ پاکستان کی آبادی 22 کروڑ ہے، ہم صرف 8 ارب ڈالر کا پیکج دے سکے۔ پاکستان اب کورونا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہندرا راجہ پکسے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے ہم منصب مہندرا راجہ پکسے کے ساتھ ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سری لنکا کے وزیراعظم کے دفتر ٹیمپل ٹریس میں منعقدہ اجلاس میں متنوع شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں فریقین نے تجارت اور سرمایہ کاری، صحت اور تعلیم، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی، سکیورٹی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم مہندرا راجا پکسے نے منگل کی سہ پہر بندرا نائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم عمران خان گذشتہ سال صدر گوٹبیا راجپاکسہ اور وزیراعظم مہندرا راجا پاکسے کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سری لنکا کا دورہ کرنے والے پہلے سربراہ حکومت ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ وہ اپنے سری لنکا کے ہم منصب کی دعوت پر سری لنکا کا دورہ کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 917994

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/917994/دورے-کی-دعوت-اور-شاندار-میزبانی-پر-وزیراعظم-مہندرا-راجہ-پکسے-کا-مشکور-ہوں-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org