QR CodeQR Code

کولمبو، عمران خان کی سری لنکا آمد پر مقامی مسلمانوں کا اپنی حکومت کے خلاف سخت احتجاج

23 Feb 2021 23:51

سری لنکن مسلمانوں کی جانب سے سری لنکن حکومت کی کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ وزیراعظم کے بیان کو عزت دو۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر مقامی مسلمانوں نے اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو پہنچے جہاں ان کا استقبال سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے نے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی آمد پر مقامی مسلمانوں نے اپنی حکومت کے خلاف کولمبو میں سخت احتجا ج کیا۔ مقامی مسلمانوں کی جانب سے سری لنکن حکومت کی کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی پالیسی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

احتجاج کے موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تحریر تھا کہ وزیراعظم کے بیان کو عزت دو۔ خیال رہے کہ 10 فروری کو سری لنکا کے وزیراعظم راجا پاکسے نے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرکے ان کے فیصلے کو سراہا تھا تاہم بعد ازاں حکام نے کہا تھا کہ کورونا سے ہلاک افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی جاری رہے گی۔ خیال رہے کہ مقامی مسلمان کورونا سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کی حکومتی پالیسی کے خلاف کئی کافی عرصے سے احتجاج کررہے ہیں۔ سری لنکا میں کورونا سے ہلاک افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی ہے تاہم مذہب اسلام میں مردے کو دفنایا جاتا ہے اور مسلم شخص کی میت کو جلانے سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہورہے ہیں۔

مقامی مسلمانوں کا مطالبہ ہے کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والوں مسلمانوں کی میت ہمارے حوالے کی جائیں تاکہ ان کی مذہبی طریقے سے تجہیزو تدفین کی جائے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) بھی یہ بات واضح کرچکا ہے کہ کورونا سے جاں بحق شخص کو دفنایا جائے یا جلایا جائے اس سے کورونا کے پھیلنے یا اس سے محفوظ رہنے کا کوئی ثبوت موجود نہیں تاہم اس کے باوجود بھی سری لنکا کی حکومت کی جانب سے جلانے کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب کورونا سے جاں بحق افراد کی میتوں کو جلانے کی پالیسی کے باعث مقامی مسلمان مہلک وائرس کا علاج کرانے سے بھی گریزاں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 918004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918004/کولمبو-عمران-خان-کی-سری-لنکا-ا-مد-پر-مقامی-مسلمانوں-کا-اپنی-حکومت-کے-خلاف-سخت-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org