QR CodeQR Code

امریکہ ایران پر عائد اپنی پابندیاں فوراً اٹھا لے، دنیا "نازک" صورتحال سے دوچار ہے، چین

24 Feb 2021 22:12

خبرنگاروں کیساتھ گفتگو میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ فی الفور بین الاقوامی معاہدے میں واپس لوٹ آئے اور ایران پر عائد اپنی تمام پابندیاں اٹھا لے۔


اسلام ٹائمز۔ چین کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد تمام پابندیوں کے فوراً اٹھا لئے جانے پر تاکید کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن (Wang Wenbin) نے خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کے دوران ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کے بارے میں چین کے مستقل موقف کو دہرایا ہے۔ بین الاقوامی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جوہری معاہدے کی تازہ صورتحال کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے اُسے "نازک" قرار دیا اور کہا کہ ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے موجود صورتحال انتہائی "حساس" ہے، جس میں مواقع کے ساتھ ساتھ خطرات بھی موجود ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی جوہری معاہدے کے حوالے سے چین کے مستقل موقف کو دہراتے ہوئے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر عائد اپنی تمام پابندیوں کو فی الفور اٹھا لے اور بین الاقوامی جوہری معاہدے میں واپس لوٹ آئے۔ وانگ وینبن کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے ہمارا موقف یہی رہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام کے حوالے سے وجود میں آنے والے تنازعے کا واحد حل جوہری معاہدے میں امریکہ کی واپسی اور ایران پر عائد تمام پابندیوں کا اٹھا لیا جانا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں بھی چینی حکام کی جانب سے بارہا تاکید کی گئی ہے کہ واشنگٹن بلا قید و شرط جوہری معاہدے میں واپس لوٹ آئے اور تہران پر عائد اپنی تمام پابندیاں اٹھا لے۔


خبر کا کوڈ: 918183

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918183/امریکہ-ایران-پر-عائد-اپنی-پابندیاں-فورا-اٹھا-لے-دنیا-نازک-صورتحال-سے-دوچار-ہے-چین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org