0
Wednesday 24 Feb 2021 22:54

بے گھر افراد کیلئے خوشخبری، لاہور میں 4 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر ہونگے

پنجاب حکومت اور بینک آف پنجاب کے درمیان مالی وسائل فراہم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا
بے گھر افراد کیلئے خوشخبری، لاہور میں 4 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر ہونگے
اسلام ٹائمز۔ بزدار حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کیلئے بڑی خوشخبری، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ 10 ارب روپے کی لاگت سے 800 کنال اراضی پر 4 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کیلئے مالی وسائل مہیا کرے گا۔ وزیراعلیٰ آفس میں منعقدہ تقریب میں 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ جبکہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپارٹمنٹس تعمیر کرے گی اور اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کیلئے شفاف طریقے سے قرعہ اندازی ایل ڈی اے کی ذمہ داری ہوگی۔ اپارٹمنٹس کا قبضہ دینے کے بعد عمارتوں اور انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال ایل ڈی اے کرے گا۔

بینک آف پنجاب الاٹمنٹ کیلئے درخواستیں وصول کرے گا۔ بینک آف پنجاب متوقع الاٹیوں کو لیٹر آف کمفرٹ جاری کرے گا اور بینک آف پنجاب قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو اسلامک مارگیج فنانسنگ کے تحت آسان شرائط پر قرض مہیا کرے گا۔ اس منصوبے کیلئے مہیا کی جانیوالی رقم کسی اور مقصد یا منصوبے پر خرچ نہیں ہوسکے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے ویژن کو آج عملی تعبیر دی ہے۔ پنجاب حکومت نے 4 ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کی طرف اہم قدم اٹھایا ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ تاریخ ساز ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں عام شہریوں کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرکاری محکموں اور قومی بینکوں نے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ معاہدہ پاکستان میں رہائشی مکانات کی فراہمی کیلئے ایک نئے کلچر کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ مارگیج فنانسنگ کے ذریعے عام شہری بھی اپنے گھروں کے مالک بن سکیں گے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں شامل موضع ہلوکی میں واقع ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر تین سال کی مدت میں 35 ہزار 24 اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ جگہ رنگ روڈ سے ملحقہ ہے اور فیروز پو رروڈ اور ڈیفنس روڈ سے بھی قریب ہے۔ ان اپارٹمنٹس کیلئے مختص کی جانیوالی اراضی پر سڑکوں، واٹر سپلائی، سیوریج، زیر زمین بجلی کی ترسیل اور دیگر انفرا سٹرکچر کی تعمیر کیلئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 4 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کیلئے 10 ارب روپے کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً 27 لاکھ روپے ہوگی۔ اپارٹمنٹ کی بکنگ صرف 10 فیصد ڈاؤن پے منٹ سے کروائی جا سکے گی۔ اپارٹمنٹ کی باقی قیمت کی ادائیگی قسطوں میں ہوگی۔

اپارٹمنٹ کا قبضہ صرف ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں الاٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر اپارٹمنٹ کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 45 لاکھ روپے لگایا گیا تھا، تاہم وزیراعظم کے ویژن کے تحت کم آمدنی والے لوگوں کو سہولت مہیا کرنے کیلئے اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً 27 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اس ضمن میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران کی کاوشوں کو سراہتا ہوں، جنہوں نے اپارٹمنٹ کی قیمت کم کرنے کیلئے دن رات محنت کی۔ اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی اور قومی بینکوں کی طرف سے اسلامی بینکاری (تکافل) کے اصولوں کے تحت آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر 7 بینکوں کا کنسورشیم قائم کر دیا گیا ہے اور ان بینکوں میں پنجاب بینک،حبیب بینک، فیصل بینک، بینک الفلاح، یو بی ایل، میزان بینک اور نیشنل بینک شامل ہیں۔ یہ قرضے پانچ سے دس اور بیس سال کی مدت میں واجب الادا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس منصوبے پر فاسٹ ٹریک پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے خصوصی ڈائریکٹوریٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 4 منزلہ اپارٹمنٹس کے 125 بلاک تعمیر کئے جائیں گے اور ایک بلاک 32 رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ اپارٹمنٹس بلاکس میں 60 فیصد سے زیادہ جگہ سڑکوں، گرین بیلٹس، پارک اور فٹ پاتھ وغیرہ کیلئے رکھی گئی ہے۔ ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ 650 مربع فٹ ہوگا اور ہر اپارٹمنٹ دو بیڈ روم دو باتھ روم (ایک اٹیچڈ دوسرا ڈی ٹیچڈ) اور بالکونی پر مشتمل ہوگا۔ قسطوں کی ادائیگی قبضہ ملنے کے بعد شروع ہوگی۔ وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہونیوالی تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، عمر آفتاب، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران، وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری اطلاعات، بینک آف پنجاب کے حکام، چیف انجینئر ایل ڈی اے، ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 918196
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش