QR CodeQR Code

ملک معاشی اور نظریاتی زوال کے تلخ دور سے گزر رہا ہے، سراج الحق

24 Feb 2021 23:30

میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے، سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل کے بغیر ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا، عوام اسلامی انقلاب لانے کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا ادراک نجانے کب ہوگا ؟ پی ٹی آئی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے، اسے ترقی کی ایک اینٹ لگانا بھی نصیب نہیں ہوئی، سابقہ حکمرانوں نے قوم کو زخم دیئے موجودہ نے انہیں ناسور بنا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو خود انحصاری کی راہ پر ڈالنے کیلئے تاحال ایک قدم نہیں اٹھایا، حکومت کی معاشی حکمت عملی صرف ایک نقطہ پر مرکوز ہے کہ کس طرح زیادہ سے زیادہ قرضے لینے ہیں، گزشتہ تیس ماہ میں پی ٹی آئی کے کریڈٹ پر لنگر خانوں کی تعمیر کے علاوہ اگر کچھ اور ہے تو قوم کے سامنے لایا جائے، ملک معاشی اور نظریاتی زوال کے تلخ دور سے گزر رہا ہے، پی ٹی آئی کو عوامی مسائل کا ادراک ہی نہیں ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے نمائندوں کے احکامات پر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جاتی ہیں، ملکی وسائل سے فائدہ اٹھا کر انہیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے مگر استعمار کے نمائندے ایسا نہیں چاہتے کیونکہ انہیں عوام خوشحال نہیں بدحال چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا پڑھا لکھا نوجوان روزگار کے حصول کیلئے دھکے کھا رہا ہے، بیروزگاری کا جن بے قابو ہے، مہنگائی نے قوم کو بدحال کر دیا ہے، آٹا، چینی، گھی، آئل، چکن کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، حکمران خود اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے پھر رہے ہیں کہ وہ مہنگائی کو قابو نہیں کر سکے، عوام کا مطالبہ ہے کہ اگر آپ ہمارے مسائل حل نہیں کر سکتے تو مہربانی فرما کر ہماری جان چھوڑ دیں، ملک کو صالح اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جمہوری عوامی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے، اللہ نے موقع دیا تو ملک کی تقدیر سنوار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے، سودی معیشت سے چھٹکارا حاصل کے بغیر ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا، عوام اسلامی انقلاب لانے کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا ادراک نجانے کب ہوگا ؟ پی ٹی آئی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے، اسے ترقی کی ایک اینٹ لگانا بھی نصیب نہیں ہوئی، سابقہ حکمرانوں نے قوم کو زخم دیئے موجودہ نے انہیں ناسور بنا دیا، سیاسی جماعتیں حالات کی نزاکت کا ادراک نہیں کر رہیں، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، کسان، مزدور، تاجر، دکاندار سب پریشان ہیں، 73 سالوں سے عوام کی گردنوں پر سوار اشرافیہ نے ملکی وسائل کے ساتھ کھلواڑ کیا، تبدیلی کے نعرے لگانیوالے بھی صرف تیس ماہ میں ہی رسوا ہو گئے، جماعت اسلامی عوام کے دکھوں کا مداوا چاہتی ہے، مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل حل نہ ہوئے تو حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے، قوم کو کھوٹے اور کھرے کا ادراک ہو چکا، انہیں مزید بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 918205

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918205/ملک-معاشی-اور-نظریاتی-زوال-کے-تلخ-دور-سے-گزر-رہا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org