QR CodeQR Code

ثقافتی یلغار کا مقابلہ کرنے کیلئے نوجوانوں کی فکری تربیت ضروری ہے، ڈاکٹر ثاقب اکبر

25 Feb 2021 13:44

ممتاز تجزیہ کار اور سکالر کا فکری نشست سے خطاب میں کہنا تھا کہ زندگی میں جمود موت ہے، یہی وجہ ہے کہ جو قومیں اور معاشرے جمود کا شکار ہوتے ہیں وہ ختم ہو جاتے ہیں یا دنیا سے بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔ دین میں اجتہاد کا دروازہ کھلا ہے، آپ جدیدیت کو بھی اسلامی اقدار کے مطابق ڈھال کا اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ادارہ التنزیل کے زیراہتمام لاہور میں ایک فکری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ممتاز سکالر اور سینیئر تجزیہ کار ڈاکٹر ثاقب اکبر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر نثار ترمذی، ڈاکٹر علی عباس نقوی، وجاہت حسین رضوی، شیخ محمد امین، سید انجم رضا، تصور شہزاد، توقیر کھرل، سجاد حیدر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ثاقب اکبر نے تہذیبوں کے ارتقاء اور اسلامی تمدن کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ایسا دین ہے جس کی بنیاد فطرت کے اصولوں پر رکھی گئی، یہی وجہ ہے کہ اسلام کے اصول و قواعد رہتی دنیا تک کیلئے بنائے گئے اور یہ ہر دور میں اپنی جگہ بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کلیسا کے حصار سے انسان نکلا تو سائنس نے ترقی کے بے مثال زینے طے کئے، اہل کلیساء کے رویے اور جمود نے انسان کو اہل کلیسا اور دین سے دور کر دیا۔

ڈاکٹر ثاقب اکبر کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بھی کوشش کی گئی کہ اسلام کو جمود کا شکار کر دیا جائے، مگر اسلامی ارتقاء نے اپنا راستہ خود بنایا، لاوڈ سپیکر ایجاد ہوا تو اس کی مخالفت کی گئی، مگر آج لاوڈ سپیکر ہر مسجد کی ضرورت ہے، اسی طرح بہت سے معاملات میں پہلے روکا گیا، مگر بعد میں انہیں قبول کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں جمود موت ہے، یہی وجہ ہے کہ جو قومیں اور معاشرے جمود کا شکار  ہوتے ہیں وہ ختم ہو  جاتے ہیں یا دنیا سے بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔ دین میں اجتہاد کا دروازہ کھلا ہے، آپ جدیدیت کو بھی اسلامی اقدار کے مطابق ڈھال کا اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارتقاء زندگی ہے، مگر جب ہم فکری طور پر مضبوط ہوں گے تو کامیاب زندگی ہو گی، اس کیلئے ضرورت اس امر کی ہے ک نوجوان نسل کی فکری تربیت کرکے، انہیں قرآن کے قریب لا کر ان کی ذہن سازی کی جائے تاکہ وہ دشمن کی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کر سکیں۔ اس موقع پر نثار ترمذی، سید انجم رضا سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔


خبر کا کوڈ: 918283

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/918283/ثقافتی-یلغار-کا-مقابلہ-کرنے-کیلئے-نوجوانوں-کی-فکری-تربیت-ضروری-ہے-ڈاکٹر-ثاقب-اکبر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org